امریکہ نے ایک رکنِ پارلیمنٹ سمیت دو کینیائی باشندوں کے نام منشیات کے کاروبار میں ملوث ان سرکردہ شخصیات کی فہرست میں شامل کردیے ہیں جن پر پابندیاں عائد ہیں۔
مذکورہ فہرست میں شمولیت کے بعد کینیا کے رکنِ پارلیمنٹ تھارون مواؤ اور خاتون سرمایہ دار ناعمہ نیاکینیوا کی امریکی کاروباری اداروں تک رسائی پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ انہیں امریکی شہریوں اور کمپنیوں کے ساتھ بھی ہر قسم کے لین دین سے روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کینیا میں امریکہ کے سابق سفیر نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا تھا کہ مواؤ منشیات کی اسمگلنگ اور رقم کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث رہے ہیں۔ تاہم کینیا کی پولیس کا کہنا ہے کہ اسے رکنِ پارلیمان کے خلاف عائد کردہ منشیات کی اسمگلنگ کے الزامات کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔
امریکہ نے کولمبیا، میکسیکو، کرغیزستان اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے مزید پانچ افراد کے نام بھی منشیات کے کاروبار میں ملوث سرکردہ شخصیات کی فہرست میں شامل کیے ہیں۔