نالج پلیٹ فارم، بورڈ امتحانات کی مفت آن لائن تیاری کرانے والا ادارہ

اس پلیٹ فارم پر اس وقت پاکستان بھر کے ہائی اسکولوں کے ہزاروں طالب علم مفت رجسٹریشن کروا کر انگلش، سائنس اور ریاضی کے امتحانات کی تیاری کر کے اپنے تعلیمی اسکورز بہتر کر رہے ہیں ۔اور اس کےلیے انہیں صرف انٹر نیٹ تک رسائی اور ایک موبائل فون کی ضرورت ہوتی ہے ۔

پاکستان کے ہائی اسکولوں کے طالب علم اپنے بورڈ کے امتحان کی تیاری اور اپنے تعلیمی اسکورز بہتر کرنے کےلئے مہنگی ٹیوشنز اور مختلف پرائیویٹ کمرشل تعلیمی اکیڈیمیزمیں داخلے پر مجبور ہوتے ہیں، جو بھاری فیسیں لےکر انہیں تعلیمی سلیبس کے مطابق امتحان کی تیاری کراتے ہیں۔

اس اہم مسئلے کے حل کےلیے سنگا پور میں مقیم ایک پاکستانی امریکی دانشور ، اٹارنی اور بزنس مین محبوب مسعود نے پہلا، واحد اور منفرد انداز کا آن لائن پلیٹ فارم تشکیل دیا ہے،نالج پلیٹ فارم ،کے نام سے جس میں نویں اور دسویں جماعت کے طا لب علموں کو اپنے تعلیمی نصاب کے مطابق آسان اور جدید انداز سے مختلف کورسز سمجھانے والی ویڈیوز اور امتحانی مشقوں کی مدد سے امتحان کی تیاری کی آن لائن سہولت بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔

گذشتہ جمعرات کو وائس آف امریکہ کے پروگرام ہر دم رواں ہے زندگی میں سنگا پور سے گفتگو کرتے ہوئے محبوب مسعود نے بتایا کہ ان کے اس پلیٹ فارم پر اس وقت پاکستان بھر کے ہائی اسکولوں کے ہزاروں طالب علم مفت رجسٹریشن کروا کر انگلش، سائنس اور ریاضی کے امتحانات کی تیاری کر کے اپنے تعلیمی اسکورز بہتر کر رہے ہیں ۔اور اس کےلیے انہیں صرف انٹر نیٹ تک رسائی اور ایک موبائل فون کی ضرورت ہوتی ہے ۔

نالج پلیٹ فارم کے پروگرام ،لرن سمارٹ پاکستان ،کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسلام آباد میں اس پروگرام کی مینیجنگ ڈائریکٹر حرا زینب نےکہا کہ2014 سے پاکستان بھر کے نویں اور دسویں کلاس کے طالب علموں کے لیےاس آن لائن پروگرام میں ان کے مختلف نصابی چیپٹرز کی مرحلہ وار تیاری کرائی جا رہی ہےجس کے بعد انہی موضوعات پر انعامی مقابلوں کا آن لائن اہتمام بھی کیا جاتا ہے جس میں جیتنے والوں کوا سلام آباد میں منعقد ہ ایک تقریب میں دو سو کے لگ بھگ انعامات دیے جاتے ہیں، جن میں 80 سے زیادہ ٹیبلٹس شامل ہوتے ہیں۔

لرن سمارٹ پاکستان کے مقابلے کس طرح ہوتے ہیں اور ان میں شرکت کس طریقے سے ممکن ہوتی ہے اس بارے میں ہر دم رواں ہے زندگی اگست کی پہلی جمعرات کو پاکستان میں رات نو بجے ایک تفصیلی پروگرام نشر کر ے گا۔ فیس بک پر اس لائیو پروگرام کے دوارن سننے والوں سے اس سوال کا جواب پچاس الفاظ میں لکھنے کے لیے کہا جائے گا کہ۔۔۔۔

‘پاکستانی تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کی بہتری کے لیے ٹکنالوجی کا استعمال کس طرح کیا جا سکتا ہے۔

لرن سمارٹ پاکستان کا ادارہ تین بہترین جوابات پر انعامات کی پیش کش کر چکا ہے۔ اس بارے میں مزید تفصیلات ہر دم رواں ہے زندگی کے فیس بک پیجز پر دستیاب ہوں گی جس کا لنک ہے.

https://www.facebook.com/HarDumRawanHaiZindagi/