فوٹوگرافی کی مصنوعات تیار کرنے والی ایک قدیم اور معروف امریکی کمپنی کوڈک نے اپنے دیوالیے کے کاغذات دائر کردیے ہیں۔
کوڈک ایک صدی سے زیادہ عرصے سے دنیا بھر میں، کیمرے، فوٹوگرافی کی فلمیں اور دوسری مصنوعات فراہم کررہی تھی۔ مگر جدید دور کے تقاضوں میں وہ اپنے مدمقابل کمپنیوں کے سامنے نہ ٹہر سکی اور مسلسل خساروں کے بعد اسے خود کو دیوالیہ ظاہر کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
کوڈک کمپنی 132 سال پہلے نیویارک کے علاقے راچسٹر قائم کی گئی تھی۔ کئی عشروں تک کوڈک کے کیمرے، فلمیں، اور فوٹوگرافی سے متعلق دیگر مصنوعات دنیا بھر میں مقبول رہیں۔ لیکن اس شعبے میں کئی دوسری کمپنیوں کے آنے اور ان کی بہتر ٹیکنالوجی کی بنا پر کوڈک کے لیے اپنی ساکھ قائم رکھنا ممکن نہ رہا اور 2007ء سے وہ مسلسل گھاٹے میں جانے لگی۔
کوڈک کو فوٹوگرافی کی دنیا سے باہر نکلنے پر مجبور کرنے میں زیادہ تر عمل دخل ڈیجیٹل فوٹوگرافی نے ادا کیا، کیونکہ کوڈک کو اس جدید ٹیکنالوجی میں کئی دشواریاں درپیش تھیں۔
کوڈک نے جمعرات کے روز کہا کہ وہ اور امریکہ میں اس سے منسلک ادارے بینک کرپسی کے قانون 11 کے تحت اپنی درخواست دائر کررہے ہیں جب کہ بیرون ملک اس کے ذیلی ادارے دیوالیے کی درخواست میں شریک نہیں ہیں۔
کوڈک کا کہناہے کہ کمپنی خود کو دوبارہ منظم کرنے کے لیے مالیاتی ادارے سٹی گروپ کے ساتھ 95 کروڑ قرضے کے ایک پروگرام پر کام کررہی ہے۔
مجوزہ منصوبے کے تحت کمپنی اپنی توجہ پرنٹرز اور ایسی منصوعات کی تیاری پر مرکوز کرے گی جن کا تعلق فوٹوگرافی سے نہیں ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا میں سب سے پہلے ڈیجیٹل فوٹوگرافی کوڈک نے ہی متعارف کرائی تھی۔ لیکن جاپانی اور دیگر ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں نے اس شعبے میں اسے بہت پیچھے چھوڑ دیا۔
کوڈک کمپنی اپنا وجود برقرار رکھنے کے لیے اپنی اس ٹیکنالوجی کو جس کے قانونی حقوق کی وہ مالک ہے، فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔