بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنا کر عظیم ٹیسٹ کرکٹر سر ڈان بریڈمین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ویراٹ کوہلی نے بھارت کے شہر پونے میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوران کیریئر میں ساتویں مرتبہ 200 رنز بنائے اور اپنے ٹیسٹ کیریئر کے سات ہزار رنز بھی مکمل کیے۔
اسی کے ساتھ ویراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز کرکٹر سر ڈان بریڈمین کے اسکور کیے گئے ٹوٹل 6996 رنز سے آگے نکل گئے۔
ڈان بریڈمین نے 52 میچز میں 6996 رنز بنائے تھے جب کہ ویراٹ کوہلی نے یہ سنگ میل اپنے 81ویں میچ میں ڈبل سنچری بنا کر حاصل کیا۔
تیس سالہ ویراٹ کوہلی نے اپنے کیریئر میں نویں مرتبہ 150 سے زائد رنز بنائے جب کہ ڈان بریڈمین آٹھ مرتبہ ایسا کر چکے ہیں۔
ویراٹ کوہلی نے آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ، سابق سری لنکن کپتان سینتھ جے سوریا اور سابق انگلش بلے باز لین ہٹن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
جے سوریا نے ٹیسٹ کیریئر میں 6973 رنز بنائے تھے جب کہ اسمتھ بھی اتنے ہی رنز بنا چکے ہیں جب کہ لین ہٹن کا ٹیسٹ کیریئر 6971 رنز پر مشتمل ہے۔
ویراٹ کوہلی نے جمعے کو جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے کیریئر کی طویل ترین رنز کی اننگز کھیلی اور وہ 254 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف 2011 میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ویراٹ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ میں 53 کی اوسط سے سات ہزار رنز بنا چکے ہیں۔ جس کے بعد وہ بھارت کے سب سے زیادہ ڈبل سنچری بنانے والے بلے باز بھی بن چکے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 601 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی۔ تین میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر کی برتری بھی حاصل ہے۔