جنوبی کوریا: آٹھ افراد کی اجتماعی خودکشی

جنوبی کوریا: آٹھ افراد کی اجتماعی خودکشی

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کودو مقامات سے آٹھ افراد کی لاششیں ملی ہیں جنہوں نے بظاہر اجتماعی خودکشی کی ہے۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول کے نواحی علاقے ہواسیونگ میں بدھ کے روز ایک گاڑی سے ایک مرد اورچار خواتین کی لاششیں برآمد ہوئیں جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے سلگھتے کوئلے کے بخارات سے بھری فضا میں سانس لے کر خودکشی کی۔

پولیس کو دو افراد کے پاس سے تحریری پیغامات ملے ہیں جن میں انھوں نے خودکشی کرنے کا عتراف کیا ہے۔

دوسرے واقع میں سیول سے 50 میل دور چن چیون نامی علاقے میں ایک سرائے سے تین افراد کی لاششیں ملی جنہوں نے بھی خودکشی کے لیے سلگھتے کوئلے کا استعمال کیا۔

تفتیش کار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا ان افراد نے خودکشی کا منصوبہ انٹر نیٹ کے ذریعے تو نہیں بنایاکیونکہ ماضی میں ایسے بیشتر واقعات سامنے آچکے ہیں۔

وزارتِ صحت کے مطابق 2007ء میں ہر ایک لاکھ افراد میں سے تقریباً 24 نے خودکشی کی۔

خودکشی کے واقعات کے تناسب سے معاشی تعاون اور ترقی کی تنظیم میں شامل 30 ممالک میں جنوبی کوریا سرِفہرست ہے۔