یومِ محنت کش کے موقعے پر پیر کو صدر براک اوباما نے 300000 وفاقی کنٹریکٹر ملازمین کے لیے علالت کی چھٹیوں کے دوران اجرت کی فراہمی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اوباما جن کا تعلق ڈیموکریٹ پارٹی سے ہے اور صدارتی عہدے پر اب اُن کے 16 ماہ باقی ہیں، اُن کی جانب سے محنت کش طقبے کو مزید مراعات دینے کی مزید تجاویز کی راہ میں ریپبلیکن پارٹی کی اکثریت والی کانگریس حائل ہے۔
تاہم، یوم محنت کش کے موقع پر بوسٹن میں نکالی گئی کارکنوں کی ایک ریلی میں شرکت کے دوران ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کیے جس کے تحت یونین کے کارکنوں کو سال میں اجرت کے ساتھ سات دن علالت کی چھٹی کا اختیار ہوگا، جس پر 2017ء سے عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔ یہ سہولت اُن کارکنان کو میسر ہوگی جو وفاقی حکومت کے کانٹریکٹ پر کام کرتے ہیں۔
بیماری کے سبب چھٹی کارکنان اس قابل ہوں گے کہ وہ اپنے آپ یا اپنے اہل خانہ کے ارکان، مثلاً بچہ، والدین یا شریک حیات کے علاج پر دھیان سکیں گے۔
اوباما نے کہا ہےکہ امریکہ دنیا کی وہ واحد ترقی یافتہ معیشت ہے جس میں اجرت کے ساتھ علالت یا زچگی کی چھٹیاں نہیں دی جاتیں۔
متعدد امریکی مالکان جو اپنے کارکنوں کو یہ فائدہ دیتے ہیں، لیکن چار کروڑ 40 لاکھ نجی شعبے کے کارکنان، جو ملک بھر کے کارکنوں کا تقریباً 40 فی صد بنتا ہے، اور جن میں سے کئی ایک کم اجرت پر کام کرنے والے ہیں، اُنھیں اجرت کے ساتھ علالت کی چھیٹی کی سہولت میسر نہیں ہے۔
امریکی سربراہ نے ایک بار پھر کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ قانون سازی کریں جس میں ایسے ادارے جن میں 15 یا اُس سے زیادہ ملازم کام کرتے ہیں، بیماری کی صورت میں، انھیں ایک سال میں سات دِن اجرت کے ساتھ چھٹیاں لینے کی سہولت دیں۔
تاہم، ایسے میں جب ایران جوہری سمجھوتے کے متنازع معاملے پر اور یکم اکتوبر سے شروع ہونے والے مالی سال کے دوران سرکاری اخراجات کا معاملہ بہت جلد کانگریس کے سامنے آنے والا ہے، یہ ممکن نہیں لگتا کہ مسٹر اوباما کی اجرت کے ساتھ علالت کی چھٹی کی تجویز کی منظوری دی جائے گی۔
امریکہ میں ’یوم ِمحنت کش ‘ستمبر کی پہلی پیر کے روز منایا جاتا ہے، جو ملک میں محنت کشوں کی تحریک کی علامت ہے، جس دِن ملک کی معاشی ترقی کے میدان میں امریکی کارکنوں کی عظمت اور خدمات کو سلام پیش کیا جاتا ہے۔ سنہ 1894 سے یہ دِن قومی تعطیل کا درجہ رکھتا ہے، جب کہ یہ ملک بھر میں موسم گرما کےاختتام کے غیرسرکاری اعلان کی علامت ہے۔
اِس دِن، امریکہ کے زیادہ تر کارکنان چھٹی پر ہوتے ہیں، اور وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھروں کے آنگن میں کھانے پکاتے ہیں یا پھر پارکس یا ساحل سمندر پر گزارتے ہیں۔
امریکہ کے متعدد اسکولوں نے پہلے ہی اپنے نئے تدریسی سال کا آغاز کر دیا ہے، لیکن باقی اسکول یوم محنت کش کی تعطیل گزارنے کے بعد کھلا کرتے ہیں۔