لیڈی گاگا پرفارمنس کے دوران اسٹیج سے گر گئیں، ویڈیو وائرل

فائل فوٹو

امریکہ کی نامور گلوکارہ لیڈی گاگا ایک کنسرٹ کے دوران اسٹیج سے گر کر زخمی ہوگئیں اگرچہ وہ معمولی زخم آئے ہیں لیکن ان کی اسٹیج سے گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق لاس ویگاس میں شو کے دوران انہوں نے اپنے ایک مداح کو اسٹیج پر بلایا جس نے انہیں اٹھانے کی کوشش کی لیکن وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور دونوں اسٹیج سے نیچے آگرے۔

مگر کچھ ہی لمحوں بعد گاگا اور ان کا پرستار دوبارہ اسٹیج پر تھے۔

اسی دوران لیڈی گاگا نے ان سے کہا کہ وعدہ کرو اس واقعے پر افسوس کا اظہار نہیں کرو گے جس پر پرستار نے ان کی بات کا مثبت جواب دیا۔

لیڈی گاگا کے متعدد پرستاروں نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جو وائرل ہوگئی ہے۔

شو کے بعد لیڈی گاگا نے انسٹا گرام پر اپنی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ معمول کی بات ہے، یعنی ایسا تو ہوتا ہی رہتا ہے۔

لیڈی گاگا کے ترجمان نے واقعے پر ان کا تبصرہ جاننے کے لیے بھیجی جانے والی ای میل کا جواب نہیں دیا۔

لیڈی گاگا فائبرومائی الجیا نامی بیماری میں مبتلا رہ چکی ہیں۔ اس مرض میں طویل مدت تک پٹھوں میں شدید درد رہتا ہے۔

وہ ماضی میں اس مرض کی وجہ سے کئی کنسرٹس منسوخ کرچکی ہیں۔