لاہور کے انارکلی پلازہ میں آگ، 13 افراد ہلاک: رپورٹس

آگ شارٹ سرکٹ کے سبب پلازہ کی نچلی منزل میں لگی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر عمارت میں پھنسے متعدد افراد کو نکال لیا۔ تاہم، بتایا جاتا ہے کہ اس دوران 13 افراد جھلسنے اور دم گھنٹے کے باعث دم توڑ گئے

لاہور کے انار کلی پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں، بتایا جاتا ہے کہ 13 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ آگ اتنی شدید تھی کہ ’اس پر قابو پانے میں کئی گھنٹے لگ گئے‘۔

نجی ٹی وی چینلز ’ایکسپریس‘ اور ’جیو نیوز‘ سمیت دیگر ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے سبب پلازہ کی نچلی منزل میں لگی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر عمارت میں پھنسے متعدد افراد کو نکال لیا۔ تاہم، اس دوران، 13 افراد جھلسنے اور دم گھنٹے کے باعث دم توڑ گئے۔

رپورٹس میں لاہور کے میو اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر امجد کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ آتشزدگی سے متاثرہ 13 افراد کو اسپتال لایا گیا، جن میں سے 12 افراد اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک عورت بھی شامل ہے جو واقعے سے قبل یہاں خریداری کر رہی تھی۔ عمارت میں پھنسے لوگوں کو بچانے کے لئے عمارت کے شیشے توڑے گئے۔ متعدد افراد دھویں اور گھٹن کے سبب بے ہوش ہوگئے تھے۔

ادھر، روزنامہ جنگ نے اپنی خبر میں آگ لگنے کا ابتدائی سبب یو پی ایس کی بیٹری بتائی ہے جو اچانک دھماکے سے پھٹ گئی، جس سے شارٹ سرکٹ ہوا اور عمارت میں آگ لگ گئی۔