پاکستان کے اسٹیج اور ٹیلی ویژن فنکاراورکامیڈین لیاقت سولجر آج کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ ان کا اصل نام لیاقت علی تھا ۔ انہوں نے70ء کی دھائی میں کراچی اسٹیج ڈراموں سے اپنی فنی زندگی کا آغاز کیا۔ پی ٹی وی سے بھی متعدد ڈرامے کئے جبکہ ان دنوں وہ نجی ٹی وی کے پروگراموں اور ڈراموں میں کام کررہے تھے۔
موت سے کچھ دیر پہلے تک وہ ایک ٹی وی پروگرام میں شریک تھے اوربدھ کی صبح ٹی وی اسٹیشن سے گھر جارہے تھے کہ انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا جس میں وہ جانبر نہ ہوسکے۔ انہیں نے تین بیٹوں، ایک بیٹی اور بیوہ کو سوار چھوڑا ہے۔
لیاقت سولجر بنیادی طور پر مزاحیہ فنکار تھے ۔ انہوں نے پاکستان کے تقریباً تمام کامیڈینز کے ساتھ کام کیا جن میں عمر شریف، معین اختر، شہزاد رضا، شکیل صدیقی، روٴف لالہ، زیبا شہناز اور سلومی شامل ہیں۔ بیرون ملک جاکر بھی وہ اسٹیج ڈرامے کرتے رہے۔ ابتداء ہی میں لیاقت سولجر نے اسٹیج کے معروف فنکاروں مرحوم عثمان میمن اور رزاق راجو کے ساتھ مل کر جوڑی بنائی اور میمنی زبان کے ڈرامے سلو۔ سلومی میں فن کا مظاہرہ کیا۔
" شادی مگر آدھی" اور "آوٴ کہیں بھاگ چلیں" ان کے مشہور اردوڈرامے ہیں۔ انہوں نے ایک اردو فلم " قید " میں بھی کام کیا جس کے نمایاں فنکاروں میں اداکار سعود اور زیبا بختیار شامل ہیں۔ وہ بھارت بھی گئے اور ااسٹار پلس کے لئے کام لیا۔ لیاقت سولجر امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، دبئی اورتھائی لینڈ سمیت مختلف ممالک میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے تھے۔