دارالحکومت طرابلس کی حفاظت کے لیے ایک سپریم سیکیورٹی کمیٹی قائم کردی گئی ہے

دارالحکومت طرابلس کی حفاظت کے لیے ایک سپریم سیکیورٹی کمیٹی قائم کردی گئی ہے

قومی عبوری کونسل یعنی این ٹی سی کے رکن علی ترہونی نے اس فیصلے کا اعلان ہفتے کے روز کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی دارالحکومت کے سرکاری اور پرائیویٹ شعبوں کی حفاظت اور معمرقذافی کی باقی ماندہ وفادار فورسز کا صفایا کرے گی۔

کمیٹی کے قیام کا اعلان قومی عبوری کونسل کی جانب سے اپنا ہیڈکوارٹرز بن غازی سے طرابلس منتقل کرنے کے موقع پر سامنے آیا ہے۔

عبوری حکا م نے کہاہے کہ ہیڈکوارٹرز کی تبدیلی کا عمل اگلے ہفتے مکمل ہوجائے گا۔

ایک اور خبر کے مطابق اقوام متحدہ کے سفارت کار آئن مارٹن قومی عبوری کونسل سے لیبیا کے مستقبل پر بات چیت کے لیے ہفتے کے روز طرابلس پہنچے۔

ان کی عبوری حکام سے ملاقاتیں ایک ایسے موقع پر ہورہی ہیں جب قومی عبوری کونسل کوعالمی راہنماؤں کی جانب سے جمعرات کو انسانی بھلائی اور دیگر امور کے لیے پندرہ ارب ڈالر دینے کے وعدے کیے گئے ہیں۔