لیبیا میں عہدے داروں نے کہا ہے کہ دارالحکومت طرابلس کے ایک رہائشی علاقے پر اتوار کو نیٹو کی بمباری سے بچوں سمیت کم از کم سات شہری ہلاک ہو گئے۔
مقامی حکام نے صحافیوں کو عرادہ (Arada) کے علاقے کا بھی دورہ کرایا اوربمباری کی وجہ سے منہدم ہونے والی عمارتیں دکھائیں جب کہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو ایک ہسپتال بھی لے جایا گیا۔
لیبیا کے نائب وزیر خارجہ خالد قائم نے نیٹو افواج پر الزام لگایا کہ وہ ”دانستہ طور پر شہریوں کے گھروں“ کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
نیٹو کی طرف سے اس حملے کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے اور نا ہی آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق ہو سکی ہے۔
ہفتہ کو نیٹو افواج نے فوجی گاڑیوں کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا تھا۔ تصدیق کے بعد معلوم ہوا تھا کہ گاڑیاں معمر قذافی کے خلاف لڑنے والے باغیوں کی تھیں۔ نیٹو نے اس حملے میں ہلاکتوں کے بارے میں کوئی اعداد وشمار فراہم نہیں کیے البتہ اس واقعہ میں ممکنہ طور پر ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔