لیبیا: القاعدہ کے کمانڈر کی گرفتاری پر امریکی سفیر کی طلبی

(فائل فوٹو)

لیبیا کی وزارت انصاف کے مطابق سفیر سے امریکی اسپیشل فورسز کی کارروائی سے متعلق سوالات کے جوابات پوچھے گئے۔
لیبیا کی حکومت نے ملک میں تعینات امریکہ کے سفیر کو طلب کرکے اُن سے امریکی اسپیشل فورسز کی اس حالیہ کارروائی سے متعلق معلومات حاصل کیں جس میں القاعدہ کے سینیئر کمانڈر کو گرفتار کیا گیا تھا۔

امریکی فورسز نے القاعدہ کے کمانڈر ابو انس الیبی کو ہفتہ کے روز طرابلس سے گرفتار کیا تھا اور تفتیش کے لیے اُسے بحریہ کے ایک جہاز پر منتقل کر دیا۔

لیبیا کی وزارت انصاف کے مطابق سفیر ڈیبورا جونز کو منگل کے روز طلب کر کے اُن سے امریکی اسپیشل فورسز کی کارروائی سے متعلق سوالات کے جوابات پوچھے گئے۔

حکومت الیبی کی حراست کو ’’اغواء‘‘ قرار دے کر اس بارے میں امریکہ سے پہلے ہی وضاحت طلب کر چکی ہے۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے پیر کو ایک بیان میں انس الیبی کی گرفتاری کے لیے اسپیشل فورسز کے چھاپے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائی ’’قانونی اور مناسب‘‘ تھی۔

ابو انس الیبی


اُنھوں نے لیبیا کی حکومت کی شکایات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ الیبی کو عدالت کا سامنا کرنا ہو گا۔

امریکہ میں ایک عدالت القاعدہ کے کمانڈر الیبی پر 1998ء میں کینیا اور تنزانیہ میں امریکی سفارت خانوں پر بم حملوں میں ملوث ہونے کے سلسلے میں فرد جرم عائد کر چکی ہے، ان حملوں میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔