پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے لیے لائن اپ مکمل

فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے کا 30 واں اور آخری میچ پیر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے نتیجے کے بعد یہ معلوم ہو سکے گا پلے آف راؤنڈ میں کون سی ٹیم کس سے ٹکرائے گی۔

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد اب چار ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے۔

ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور اسلام یونائیٹڈ کی ٹیمیں پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ رن ریٹ کی بنیاد پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر پر سبقت لے جاتے ہوئے پلے آف مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

پیر کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ناکام ہونے والی ٹیم کا مقابلہ 23 فروری کو ملتان سلطانز سے پہلے پلے آف میں ہو گا۔

کوئٹہ اور پشاور کے درمیان میچ میں جیتنے والی ٹیم 24 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ سے دوسرے پلے آف میچ میں ٹکرائے گی۔

ایونٹ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلے پلے آف میچ میں کامیاب ہونے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی لیکن ناکام ہونے والی ٹیم کے پاس ٹائٹل کی دوڑ میں رہنے کا ایک موقع ہو گا۔

دوسرے پلے آف میچ میں ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی اور جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ 25 فروری کو ایلیمینیٹر میچ میں اس ٹیم سے ہو گا جسے پہلے پلے آف میچ میں شکست ہوئی ہو گی۔

اس بار پی ایس ایل میں دو انوکھے ریکارڈ بھی سامنے آئے ہیں جن میں ملتان سلطانز کی شاندار کارکردگی شامل ہے جنہوں نے پہلے مرحلے میں اپنے 10 میچوں میں سے نو میں کامیابی حاصل کی اور پوائنٹس ٹیبل 18 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ ملتان سلطان کو اپنے ساتویں میچ میں لاہور قلندرز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اسی طرح کراچی کنگز نے اس بار بدترین کارکردگی دکھائی اور 10 میں سے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز دو پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخر میں ہے ۔ کراچی کنگز نے اپنے نویں میچ میں لاہور قلندرز کو شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں ہر ٹیم نے دیگر ٹیموں کے خلاف دو دو میچ کھیلے ہیں۔