لندن میں کرسمس سے قبل کرسمس کی رونقیں

کرسمس کی آمد سے قبل ہزاروں نوجوانوں نے کرسمس کا جشن منانے کے لیے سرخ اور سفید لباس میں فادر کرسمس (سانتا کلاز) کا روپ دھارا اور مرکزی لندن کی سڑکوں پر جمع ہوئے ۔
کرسمس کا تہوار ہر سال دنیا بھر کے مسیحی افراد کے لیے خوشیوں کا پیغام لے کر آتا ہے۔خاص طور پر یورپ ، امریکہ، مشرق بعید اور روسی ریاستوں میں تو دسمبر کے مہینے کے آغاز سے ہی ’’جنگل بیل‘‘ اور ’’وی وش یو آ میری کرسمس‘‘ جیسے ترانوں سے ماحول میں کرسمس کا رنگ رچ بس جاتا ہے لیکن جوں جوں دن گزرتے ہیں شہر برقی قمقموں اور سجاوٹ سے جگمگا اٹھتا ہے گھروں میں مصنوعی کرسمس ٹری کو آرائشی چیزوں سے سجایا جاتا ہے، بازاروں اور شاپنگ سینٹر میں خریداری کا ایک نا ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ۔

ان دنوں دسمبر کی اختتامی تاریخوں کی الٹی گنتی کا عمل جاری ہے انتطار ہے تو بس کرسمس کے ان تحفوں کا جنھیں کرسمس ایوو پر چمنی کے راستے سےآنے والا سانتا کلاز خاموشی سے کرسمس ٹری کے نیچے چھپا جائے گا ۔
سالانہ سانتا کون پریڈ
کرسمس کی آمد سے قبل ہزاروں نوجوانوں نے کرسمس کا جشن منانے کے لیے سرخ اور سفید لباس میں فادر کرسمس (سانتا کلاز) کا روپ دھارا اور مرکزی لندن کی سڑکوں پر جمع ہوئے ۔ سانتا کون پریڈ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ یہ کرسمس پریڈ ہرسال دنیا بھر کے تقریبا 300 چھوٹے بڑے شہروں میں ایک ہی دن میں ہوتی ہے جس کے لیے لوگوں کو ایک انٹرنیٹ مہم کے ذریعے جمع کیا جاتا ہے ۔


اس سال پریڈ کا آغاز ٹرافیلگر اسکوائر سے ہوا جو ماربل آرچ سے ہوتی ہوئی پورٹ لینڈ پیلس پر اختتام پزیر ہوئی۔ پریڈ میں حصہ لینے والے شرکاء سانتا کلاز کی طرح بھاری آواز میں ہوہو ہو کی صدا بلند کرتے رہے جبکہ زیادہ تر نوجوان کرسمس کے نغموں پر جھومتے اور رقص کرتے نظر آئے۔


اس موقع پر نوجوانوں نے لوگوں میں سانتا کلاز کی طرح کینڈیز بھی تقسیم کیں تاہم کرسمس پریڈ کے شرکاء کے ساتھ ساتھ کسی ناخوشگوار واقعے سےنمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی شاہراہوں پر موجود تھی ۔
ونٹر ونڈر لینڈ فیسٹیول (کرسمس میلہ )
کرسمس کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے لندن کی ضلعی انتطامیہ کی جانب سے ہر سال ونٹر ونڈر لینڈ کے نام سے کرسمس میلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔


مشرقی لندن کے والتھم فاریسٹ بورح نے اس سال کرسمس کا خصوصی میلہ ونٹر ونڈر لینڈ لیٹن کرکٹ گراؤنڈ میں سجایا۔ طوفانی ہواؤں اور بارشوں کے باوجود سینکڑوں خاندانوں نے میلے میں شرکت کی جن میں بچوں کی تعداد سب سے زیادہ تھی اور کیوں نا ہو کیونکہ یہ میلہ سجایا ہی خاص بچوں کے لیے گیا تھا۔

دو روزہ میلے کی سجاوٹ اور انتطامات کرسمس کے حوالے سے کئے گئے تھے۔ جہاں استقبالیہ پر ٹال مین دلچسپ پوشاک پہن کر بچوں کو خوش آمدید کہتے نظر آئے وہیں پارک میں بچوں کے پسندیدہ کارٹونز کے کردار اور ینچ بیک گھومتے پھرتےنظر آئے ۔


بچوں کی خاص دلچسپی الیکٹریکل جھولوں میں نظر آئی ساتھ ہی منی گولف، آئس اسکیٹنگ اور کئی طرح کی تفریحی سرگرمیوں سے بچے لطف اندوز ہوتے رہے ۔


کرسمس کے میلے کی خاص بات اصلی رینڈئیر(بارہ سنگھوں ) کی موجودگی تھی تو دوسری جانب سانتا کلاز کے خیمے کے باہربچے سانتا کلاز کے ساتھ تصویریں بنوانے کے لیے قطاروں میں انتظار کر رہے تھے۔

ایک جانب میوزیکل بینڈ کرسمس کے ترانے بجا رہا تھا وہیں چینی اورجاپانی کھانوں سے لے کر دیسی کھانوں کےدرجنوں اسٹالوں سےاٹھنے والی خوشبویں لوگوں کی بھوک بڑھا رہی تھیں

غرض کہ یہ ونٹر لینڈ کا میلہ اہل علاقہ کے لیے کرسمس سے قبل کرسمس کی ایک اچھی ٹریٹ ثابت ہوئی ۔