لندن کا سابقہ بیت الخلاء دس لاکھ پاؤنڈ میں برائے فروخت

اسٹیٹ ایجنسی 'کلارک اینڈ لائیڈز کنسلٹنٹس' کی ویب سائٹ پر دیے جانے والے اشتہار میں اسے کمرشل اسٹریٹ کے عین وسط میں جائیداد حاصل کرنے کا ایک نادر موقع بتایا گیا ہے۔

لندن میں جائیداد کی خرید و فروخت کی مارکیٹ میں ناصرف گھروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں بلکہ دارالحکومت لندن میں پراپرٹی کی طلب میں مسلسل اضافے کا رجحان کا اندازا اس خبر سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ لندن میں ایک سابقہ عوامی بیت الخلاء کو فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔

روزنامہ گارڈین کے مطابق لندن کی ایک اسٹیٹ ایجنسی نے اسپیٹل فیلڈ کی ایک کاروباری سڑک پر واقع ایک زیر زمین عوامی بیت الخلاء کی فروخت کا اشتہار دیا ہے، جس میں اس جائیداد کی قیمت ایک ملین یا دس لاکھ پاونڈ مقرر کی گئی ہے۔

اسٹیٹ ایجنسی 'کلارک اینڈ لائیڈز کنسلٹنٹس' کی ویب سائٹ پر دیے جانے والے اشتہار میں اسے شہر کے عین وسط میں جائیداد حاصل کرنے کا ایک نادر موقع بتایا گیا ہے۔

اشتہار کی تفصیلات کے مطابق یہ پراپرٹی کاروباری حضرات کے لیے ایک کمرشل اسٹریٹ پر ایک منفرد ریستوران یا شراب خانہ حاصل کرنے کا ایک شاندار موقع ہے۔

جائیداد کی خصوصیات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چونکہ یہ شہر کی مشہور اسپیٹل فیلڈس مارکیٹ اور چرچ کے سامنے واقع ہے، اسی لیے یہاں دن کے علاوہ رات کے وقت بھی لوگوں کا ہجوم رہتا ہے۔

پراپرٹی سائز میں 600 مربع فیٹ پر مشتمل ہے جو لگ بھگ لندن کے ایک عام فلیٹ کے ایک کمرے کے سائز کے برابر ہے۔

جبکہ یہاں زیر زمین 60 افراد کے بیٹھنے اور لگ بھگ 435 مربع فیٹ بیرونی احاطے میں پرائیوٹ نشستوں کے لیے جگہ موجود ہے۔

مشرقی لندن کے علاقے اسپیٹل فیلڈ میں واقع سابقہ عوامی بیت الخلاء کو پندرہ برس قبل ضروری تعمیرات کے بعد ایک کمرشل جائیداد میں تبدیل کردیا گیا تھا اور 2012ء تک کا ایک نائٹ کلب تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پندرہ سالوں بعد آج جب یہ جائیداد مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کی گئی ہے تو اس کی اصل قیمت جب 2000ء میں یہ جائیداد فروخت کی گئی تھی اس کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔

2012ء میں لندن ٹاور ہملیٹ بارو نے بیت الخلاء میں واقع گزشتہ نائٹ کلب کا لائسنس منسوخ کر دیا تھا۔