میڈونا کا اپنی زندگی پر مبنی فلم خود ڈائریکٹ کرنے کا اعلان

میڈونا نیویارک میں ایک تقریب میں ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کر رہی ہیں۔(فائل فوٹو)

ہالی وڈ گلوکارہ میڈونا نے اپنی زندگی پر مبنی فلم بنانے اور اسے خود ہی ڈائریکٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈونا نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی زندگی ایک حیرت انگیز سفر ہے۔ اس سفر کی چار دہائیاں چکا چوند سے جڑی ہوئی ہیں، جو دلچسپی سے خالی نہیں ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ اس سفر سے لوگوں کو بھی آگاہ کریں۔

میڈونا، گلوکارہ، موسیقارہ اور اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر بھی ہیں۔

اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی زندگی کسی تفریحی پارک میں نصب اور ہوا میں بل کھاتی پٹریوں پر ہچکولے لیتی ٹرین یا رولر کوسٹر کی طرح ہے۔ فلم کے ذریعے ان کے مداح ایسی کئی باتوں اور رازوں سے پردہ اٹھتے دیکھیں گے جو ابھی تک کسی کو معلوم نہیں۔

ان کے بقول ان رازوں سے آگاہی اور متاثر کن واقعات کو بیان کرنے والا بھلا ان سے بہتر اور کون ہو سکتا ہے؟ اسی لیے وہ خود اس سفر کو فلمی اسکرین پر پیش کرنا چاہتی ہیں۔

میڈونا کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنی 'بائیو پک' کے ذریعے اس نا قابلِ یقین سفر کے بارے میں بتانا چاہتی ہیں جو انہوں نے بطور ایک فنکارہ، موسیقارہ، رقاصہ اور سب سے بڑھ کر ایک انسان کی حیثیت سے طے کیا۔

انہوں نے کہا کہ فلم کی سب سے خاص بات اس کی موسیقی ہو گی۔

وہ کہتی ہیں کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں، موسیقی کی بدولت ہوں، میرا فن اسی کے سہارے زندہ ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق میڈونا کا شمار ان فلمی شخصیات میں ہوتا ہے جن کی زندگی کے کئی پہلو مخفی رہے ہیں۔ انہوں نے 62 سالہ زندگی میں مذہبی معاملات کی کبھی پروا نہیں کی۔ معاشرتی پابندیوں کو وہ کبھی خاطر میں نہیں لائیں۔ اور نہ ہی انہوں نے کبھی روایات کی پاسداری کی۔

میڈونا کے گانوں کی کامیاب المبز میں 'لائیک اے پریئر'، 'میٹریل گرل' اور 'لائیک اے ورجن' شامل ہیں۔

میڈونا کا شمار متاثر کرنے والی شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کی 30 کروڑ 35 لاکھ البمز فروخت ہو چکی ہیں۔

میڈونا کی پہلی فلم 'ڈیسپرٹلی سیکنگ سوسن'، 1985 میں ریلیز ہوئی تھی جب کہ فلم 'ایویٹا' کے لیے 1996 میں انہیں بہترین اداکارہ کا 'گولڈن گلوب ایوارڈ' دیا گیا تھا۔