سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں واقع دنیا کی سب سے بڑی مسجد، ”مسجد الحرام“ میں ان دنوں تعمیری کام جاری ہے۔ کعبہ کا طواف کرنے کے لئے مختص صحن (مطاف) کو مزید بڑا کیا جارہا ہے کیوں کہ عمرہ زائرئن اوردنیا بھر سے آنے والے ججاج کی تعداد سال بہ سال بڑھ رہی ہے لہذا اسی لحاظ سے مطاف کی توسیع کی جارہی ہے ۔
مطاف کی توسیع کے ساتھ ساتھ آب زم زم کے کنوئیں تک رسائی کے لئے سرنگ کی تعمیر بھی جاری ہے ۔پاکستان حج و عمرہ نیوز سروس کے مطابق تعمیری منصوبہ 75دنوں میں مکمل ہوگا۔ آئندہ جولائی میں رمضان کے دوران بھی مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد غیر معمولی طور پر لاکھوں تک جاپہنچتی ہے لہذا رمضان سے پہلے ہی یہ منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا۔ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے پانچ ہزار کارکن دن رات کام میں مصروف ہیں۔
زم زم کا کنواں مسجدالحرام کے صحن کے نیچے واقع ہے ۔ اس تک رسائی کے لئے سرنگ کی تعمیر نہایت ضروری تھی ۔ یہ سرنگ اسلامی مہینے’ شعبان‘ کے وسط تک تعمیر کرلی جائے گی۔ تعمیراتی میٹریل مسجد کے بیرونی مشرقی صحن سے براہ راست مسجد کے اندر تک پہنچانے کے لئے دنیا کی بلند ترین کرین استعمال کی جائے گی جس کی اونچائی 200میٹر ہے۔یہ کرین خصوصی طورپر جرمنی سے تیار کروائی گئی ہے۔
عمرہ زائرین کی تعداد میں اس بار گزشتہ سال کی نسبت20فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم حرم کے صحن میں اس منصوبے پر عمل درآمد کے نتیجے میں زائرین کو کوئی دشواری پیش نہ آئے اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔ ایک جانب تعمیر جاری ہے تو دوسری جانب زائرین، ادائیگی عمرہ بھی بلارکاوٹ جاری رکھے ہوئے ہیں۔