ملالہ کا اسکول جانا، معلم کا درجہ اختیار کرگیا: بان کی مون

فائل

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ حوصلے اور عزم کی طاقت سے ملالہ نے وہ بات کر دکھائی ہے جس سے دہشت گرد خوف کھاتے ہیں، اور وہ ہے، ایک لڑکی کا کتاب اٹھانا

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل، بان کی مون نے ملالہ یوسف زئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، کہا ہے کہ ملالہ امن کی ایک باہمت اور رحم دل داعی ہیں، جن کا اسکول جانا عالمی معلم کا درجہ اختیار کرگیا۔

بقول اُن کے، قلم کی ایک جنبش سے دنیا کو بدلہ جاسکتا ہے، جس سے اس بات کا ثبوت بھی ملتا ہے کہ ایک نوجوان خاتون کس طرح قیادت کا فرض انجام دے سکتی ہے۔

بان کی مون نے کہا ہے کہ حوصلے اور عزم کی طاقت سے ملالہ نے وہ بات کر دکھائی ہے جس سے دہشت گرد خوف کھاتے ہیں، اور وہ ہے، ایک لڑکی کا کتاب اٹھانا۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے ملالہ یوسف زئی اور کیلاش ستیارتھی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے حوالے سے وہ دنیا کی دو اہم شخصیات ہیں، جنھیں 2014ء کا امن کا نوبیل پرائز دیےجانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ملالہ اقوام متحدہ کی بیٹی ہیں، جنھوں نے کچھ برس سے یونیسیف کی تقریبات میں شرکت کرنا شروع کی، اور اس موسم گرما میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جس کا مقصد اکیسویں صدی کے ترقیاتی اہداف کو نمایاں کرنا تھا، جس کی تکمیل میں 500 دِن باقی ہیں۔

بان کی مون نے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد کے حصول؛ اور شدت پسندی سے پاک ماحول، اور ہر بچی کے تعلیم کےحصول کے حق کی حمایت میں اقوام متحدہ ملالہ کے ساتھ کھڑا ہوگا۔