ملاؤی: بان کی مون کی اپیل پر ہم جنس پرست جوڑے کی سزا معاف

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ملاؤی کے صدر کی جانب سے ایک ہم جنس پرست جوڑے کو، جسے 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، معافی دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

صدر بنگو وا متھاریکا نے ہفتے کے روز 26 سالہ سٹیو مون جیزا اور 20 سالہ ٹوانگے چمبلانگا کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ ان دونوں کو ہفتے کی شام رہا کردیا گیا ۔

مسٹر بان کی مون نے اس سے قبل ملاوی کے دارلحکومت لیلونگو میں صدر متھاریکا سے مذاکرات کے دوران ہم جنس پرست جوڑے کی رہائی پر زور دیا تھا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ملاؤی پارلیمنٹ میں اپنی تقریر میں اس مہم کی مذمت کی اور قانون سازوں پر ہم جنس پرستی کے خلاف قوانین کو امتیازی قرار دیتے ہوئے انہیں منسوخ کرنے پر زور دیا ۔

ملاوی کی ایک عدالت نے اس مہینے کے شروع میں دو مردوں کو ہم جنس پرستی کے الزام میں 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔ اس فیصلے پر مغربی ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے شدید نکتہ چینی کی گئی تھی۔