شادی سے ایک دن پہلے بینک ڈکیتی کرنے والا 'دولہا' گرفتار

فائل فوٹو

امریکہ میں ایک شخص نے شادی کے اخراجات ادا کرنے کے لیے بینک میں ڈکیتی کی۔ تاہم پولیس نے ملزم کو واردات کے فوری بعد ہی رفتار کر لیا۔ جبکہ ملزم کی منگیتر نے بھی اس سے رشتہ ختم کر دیا۔

امریکی اخبار 'واشنگٹن پوسٹ' کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست ٹیکساس میں ہیتھ بمپوس نامی شخص نے شادی سے محض ایک دن پہلے بینک میں ڈکیتی کی۔

گرفتاری کے بعد حکام کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بمپوس نے چوری کی دلچسپ وجوہات بیان کیں۔

ہیتھ بمپوس کا کہنا تھا کہ اس کے پاس شادی ہال کا کرایہ ادا کرنے کے علاوہ اپنی ہونے والی بیوی کو تحفے کے طور پر انگوٹھی دینے کے لیے رقم نہیں تھی۔

ٹرینیٹی کاؤنٹی کے شیرف ووڈی والس نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے ہیتھ بمپوس کی گرفتاری کا اعلان کیا۔

والس نے بتایا کہ بینک میں ڈکیتی کی واردات جمعے کی صبح ہوئی۔ یہ بینک گرووٹن میں واقع ہے۔

ادھر بمپوس کی منگیتر نے جمعہ کو رات گئے جب پولیس کی جانب سے فیس بک پر جاری کردہ ملزم کی تصویر دیکھی تو وہ حیران رہ گئی۔

پولیس کی جاری کردہ تصویر کسی اور کی نہیں بلکہ اس کے ہونے والے شوہر کی تھی۔ بمپوس کی منگیتر نے بھی فوری طور پر اس سے رشتہ توڑنے کا فیصلہ کیا۔

بمپوس کی شادی ہفتے کو ہونا تھی۔ جبکہ جمعہ کو واردات کے بعد پولیس نے بمپوس کو گرفتار کیا۔

والس کا کہنا ہے کہ بمپوس نے بینک میں ڈکیتی کے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

ڈکیتی کے وقت بمپوس بینک میں داخل ہوا اور سیدھا کیشیئر کے پاس جاکر کہا کہ اس کے پاس ہتھیار ہیں۔ لہذا جو بھی رقم ہے وہ اس کے حوالے کردی جائے۔

والس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بمپوس نے انہیں بتایا کہ وہ کل شادی کررہا ہے اور اس کے پاس اتنی رقم نہیں تھی کہ وہ شادی کی انگوٹھی خرید سکے۔ نہ ہی اس کے پاس شادی ہال کا کرایہ ادا کرنے کے لیے کچھ تھا۔