مانچسٹر: دھماکہ خیز مواد کی اطلاع پر طیارے کی لینڈنگ

گریٹر مانچسٹر پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے سے ایک مسافر کو مبینہ طور پر دھماکہ خیز ڈیوائس کی دھمکی دینے پر گرفتار کیا گیا ہے

قطر ایئرویز کے مسافر طیارے میں مبینہ دھماکہ خیز مواد کی اطلاع ملنے پر، برطانوی جنگی جہاز نےطیارے کو فضا میں گھیرے میں لیتے ہوئے باحفاظت مانچسٹر ایئر پورٹ پر اتار لیا۔ بعدازاں، سکیورٹی حکام نے اُس مشتبہ شخص کو طیارے سے باہر نکال لیا۔


برطانوی میڈیا اطلاعات کے مطابق، گریٹر مانچسٹر پولیس نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے سے ایک مسافر کو ممکنہ ڈیوائس کی دھمکی دینے کے شبے میں گرفتار کیا گیا، جبکہ قطر ایئرویز کی دوحہ سے مانچسٹر آنے والی پرواز کیو آر 23 کو منگل کی سہ پہر برطانوی وقت کے مطابق دن کے ایک بجے باحفاظت مانچسٹر ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا تھا۔

اطلاع موصول ہونے پر، مانچسٹر ہوائی اڈے پر ہنگامی صورتحال نافذ کی گئی تھی اور ہوائی اڈے کو پروازوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔


مانچسٹر پولیس کا کہنا ہے کہ قطر ایئرویز کی پرواز کو ہوائی جہاز میں ممکنہ ڈیوائس کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پائلٹ کی جانب سے کی جانے والی درخواست پر آر اے ایف کے جنگی جہاز کو حرکت میں لایا گیا، مسافر طیارے کو فضا میں جنگی جہاز نے گھیرے میں لے لیا اور باحفاظت اسے ایئر پورٹ پر لینڈ کرایا۔
قطر ایئرویز نے تصدیق کی ہے کہ واقعہ کے وقت طیارے میں کل 269 مسافر اور 13 عملے کے ارکان سوار تھے۔


قطر ایئر لائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ طیارے میں آن بورڈ پر عملے کو طیارے میں مکنہ ڈیوائس کے خطرے کی دھمکی موصول ہوئی تھی جس کے بعد فوری طور پر برطانوی حکام کو آگاہ کیا گیا اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔