کراچی کے نزدیک ایک مسافر وین میں نصب گیس سیلنڈر پھٹنے سے گاڑی میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 10 مسافر ہلاک ہوگئے ہیں۔
سرکاری ٹی وی 'پی ٹی وی' کے مطابق مسافر وین اتوار کی شب حیدر آباد سے کراچی آرہی تھی جب سپر ہائی وے پر نوری آباد کے نزدیک اسے یہ حادثہ پیش آیا۔
ڈی آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ٹائر پھٹنے کے سبب وین الٹی جس کے دوران سی این جی سیلنڈر پھٹنے سے اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
ڈی آئی جی کے مطابق گاڑی میں عورتوں اور بچوں سمیت 20 افراد سوار تھے جن میں سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔
وین میں سوار دو خواتین اور تین بچوں سمیت 10 مسافر زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے کراچی منتقل کیا گیا ہے۔
پاکستان میں گاڑیوں، خصوصاً پبلک ٹرانسپورٹ میں سستا ہونے کے سبب گیس بطور ایندھن استعمال کی جاتی ہے۔
اس مقصد کے لیے گاڑیوں میں نصب غیر محفوظ سی این جی سیلنڈر پھٹنے کے واقعات بھی وقتاً فوقتاً پیش آتے رہتے ہیں جن میں اب تک کئی درجن افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔