روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا اسپین کی کارلا سواریز نوارو سے شکست کے بعد یو ایس اوپن سے باہر ہوگئیں۔ چوتھے راؤنڈمیں شراپووا کو 6-4 اور 6-3 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
ہسپانوی کھلاڑی نے پانچ مرتبہ کی گرینڈ سلیم چیمپئن کے پہلے سیٹ میں تین مرتبہ جب کہ دوسرے سیٹ کے آغاز ہی میں سروس بریک کیں۔
سن 2006ء میں 19 سال کی عمر میں یو ایس اوپن جیتنے والی شراپووا میچ میں سواریز نوارو کے خلاف متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہیں اور اپنی ہی غلطیوں سے حریف کھلاڑی کو پوانٹس دیے۔ انہوں نے آٹھ ڈبل فالٹس بھی کیے۔
ہسپانوی ٹینس پلیئر نے اپنی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر اس جیت کو برتھ ڈے کا بہترین تحفہ قرار دیا ہے۔
ورلڈ نمبر 30 کارلا سواریز نوارو کا اگلے میچ میں گزشتہ سال کی رنر اپ امریکہ کی میڈیسن کیز کے ساتھ مقابلہ ہوگا جو ورلڈ نمبر 29 سلوواکیہ کی ڈومنیکا سیبولکووا کو 6-1 اور 6-3 سے ہراکر کوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں۔
بائیسویں سیڈ روسی ٹینس کوئن شراپووا گزشتہ برس ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر 15 ماہ کی پابندی کے بعد ٹینس کورٹ میں واپسی سے اب تک کسی بھی گرینڈ سلیم میں کوارٹر فائنل مرحلے سے آگے نہیں جاسکی ہیں۔
اس شکست کے بعد شراپووا کا یوایس اوپن کے نائٹ سیشن میں لگا تار 23 میچوں میں جیت کا ریکارڈ بھی اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔