موریطانیہ نے اسرائیل کےساتھ سفارتی تعلقات منقطع کردیے

موریطانیہ نے اسرائیل کےساتھ سفارتی تعلقات منقطع کردیے

موریطانیہ کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے اسرائیل کےساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کردیے ہیں۔

ہفتے کی رات دارالحکومت نواکشوط میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نہا منت حمدی موکناس نے کہا کہ موریطانیہ نے اسرائیل کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات مکمل اور قطعی طورپر منقطع کردیے ہیں۔

ایک زمانے میں موریطانیہ، اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات رکھنے والے تین عرب ممالک میں سے ایک تھا۔ جنوری 2009ء میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملے کے بعد اس نے اسرائیل کےساتھ اپنے سفارتی تعلقات معطل کردیے تھے۔

مارچ میں موریطانیہ کی حکومت نے اسرائیلی سفارت خانے کو بند کر کے ان کے سفارت کاروں کو ملک سے نکال دیا ۔

2009ء کے اسرائیلی حملے میں ایک اندازے کے مطابق 1300 فلسطینی ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے یہ فوجی کارروائی اپنے ملک کو حماس کے عسکریت پسند گروپ کے راکٹ حملوں کے لیے کی تھی۔

موریطانیہ کے اس اقدام کے بعد اب صرف دو عرب ملک مصر اور اردن باقی رہ گئے ہیں جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ہیں۔