طب کے 'نوبیل پرائز' کا اعلان

روایت کے مطابق ہر سال دیے جانے والے 'نوبیل پرائز' جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان سب سے پہلے طب کے شعبے کے فاتحین سے کیا جاتا ہے۔
انسانی خلیات پر تحقیق کرنے والے دو امریکی اور ایک جرمن سائنس دان نے طب کے شعبے میں 2013ء کا 'نوبیل انعام' جیت لیا ہے۔

تینوں سائنس دان – امریکی شہری جیمز روتھ مین اور رینڈی شیکمن اور جرمن تھامس سڈہوف – امریکی یونی ورسٹیوں سے منسلک ہیں۔ انہیں یہ انعام خلیات میں ہارمونز کی نقل و حرکت کے نظام پر کی جانے والی تحقیق پر دیا گیا ہے۔

پیر کو سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں اس انعام کے اعلان کے ساتھ ہی رواں سال کے 'نوبیل انعامات' کے فاتحین کے اعلان کے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے جو پورا ہفتہ جاری رہے گا۔

روایت کے مطابق ہر سال دیے جانے والے 'نوبیل پرائز' جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان سب سے پہلے طب کے شعبے کے فاتحین سے کیا جاتا ہے۔

معروف سائنس دان اور ڈائنامائٹ کے موجد الفریڈ نوبیل سے منسوب 'نوبیل پرائز' سب سے پہلے 1901ء میں سائنس، ادب اور امن کے شعبوں میں دیا گیا تھا۔

انعام جیتنے والوں کو 12 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم ملتی ہے۔

رواں سال انعام پانے والوں میں سے روتھ مین 'ییل یونی ورسٹی' کے شعبہ خلیاتی حیاتیات کے سربراہ ہیں جب کہ شیکمن 'یونی ورسٹی آف کیلی فورنیا' کے شعبہ 'مالیکیولر اینڈ سیل بائیولوجی' کے پروفیسر ہیں۔

جرمن شہری سڈہوف 'اسٹین فورڈ' یونی ورسٹی میں خلیاتی حیاتیات کے شعبے سے بحیثیت پروفیسر منسلک ہیں۔