میلبورن: پاکستان کے 443 رنز، اظہر علی کی ڈبل سینچری

اظہر علی 205 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے

میلبورن ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان نے 443 رنز 9 کھلاڑی آوٹ پر اپنی اننگ ڈیکلیئر کر دی۔ پاکستان کی اننگ کی خاص بات اوپنر اظہر علی کی ڈبل سینچری تھی وہ 205 رنز بنا کر ناٹ آوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کے خلاف یہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے۔

اس سے پہلے جب پاکستان نے تیسرے دن اپنی اننگ کا آغاز کیا تو اس کی ساتویں وکٹ ابتدا میں ہی 317 کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب محمد عامر مچل اسٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔

اس کے بعد اظہر علی اور سہیل خان نے پر اعتماد بیٹنگ کی اور کھانے کے وقفے تک مجموعی اسکور 433 پر پہنچا دیا۔ اظہر اور سہیل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 113گیندوں پر 116 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی آٹھویں وکٹ کی یہ طویل ترین پارٹنرشپ تھی۔ سہیل خان نے اپنے کیریر کی پہلی ففٹی بھی بنائی وہ 65 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے۔

کھانے کے وقفے کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو سہیل خان پہلے ہی اور میں رن آوٹ ہو گئے۔ ان کے بعد وہاب ریاض اسکور میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہ کر سکے اور ہیزل وڈ کی بال پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ جس کے بعد پاکستان نے اپنی اننگ ڈیکلیئر کر دی۔

آسٹریلیا میں ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے سلسلے کا یہ دوسرا میچ ہے۔ پہلا میچ ایک دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے جیت لیا تھا۔