مشرق وسطی میں امن مذاکرات کی بحالی کی کوشش

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سے متعلق اعلیٰ ترین عہدے دار کیتھرین ایشٹن

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سے متعلق اعلیٰ ترین عہدے دار کیتھرین ایشٹن اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تعطل کا شکار امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کے سلسلے میں بدھ کو مشرق وسطی پہنچ رہی ہیں۔

اخبار ”یروشلم پوسٹ“ کے مطابق ایشٹن بدھ کو یروشلم میں اسرائیلی حکام اور جمعرات کو رملہ میں فلسطینی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گی۔

ایشٹن نے کہا ہے کہ گفت و شنید کے ذریعے تلاش کیے گئے حل کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا ہے۔

ایک بیان میں اُنھوں نے کہا ہے کہ یورپی یونین تنظیم اسرائیل اور ایک ”آزاد اور خودمختار“ فلسطینی ریاست کو امن و سلامتی کے ساتھ رہتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے۔

ستمبر 2010ء میں یہودی بستیوں کی تعمیر پر عارضی پابندی کے اختتام کے بعد اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں کے درمیان براہ راست مذاکرات کا عمل معطل ہو گیا تھا۔

فلسطینی رہنماؤں نے کہا ہے کہ جب تک مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیلی تعمیرات جاری ہیں امن مذاکرات کا سلسلہ بحال نہیں کیا جا سکتا ہے۔