ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاکھوں افراد کرسمس گیٹ اوے کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور آج سے برطانیہ بھر کی شاہراہوں، ٹرینوں، کشتیوں اور طیاروں پر مسافروں کی بھیڑ دکھائی دے گی۔
لندن —
دنیا بھر کی طرح برطانیہ میں بھی ان دنوں کرسمس کی تیاریاں زوروں پر ہیں جبکہ شہر سے باہر اپنے پیاروں کے ساتھ کرسمس کا تہوار منانے والوں کی ایک بڑی تعداد آج اور کل سے اپنے سفر کا آغاز کر رہی ہے۔
لندن کے مقامی روزنامہ ایوننگ اسٹینڈرڈ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاکھوں افراد کرسمس گیٹ اوے کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور آج سے برطانیہ بھر کی شاہراہوں، ٹرینوں، کشتیوں اور طیاروں پر مسافروں کی بھیڑ دکھائی دے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کرسمس کی چھٹیوں پر برطانوی ہوائی اڈوں سےتقریبا 40 لاکھ افراد سردیوں کی سنہری دھوپ سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپنے پسندیدہ مقامات کنری آئس لینڈ، تیونس، مراکش اور جنوبی افریقہ کے کیب وردی آئس لینڈ کا رخ کر رہے ہیں ۔
ٹریول آرگنائزیشن ایبٹا کا کہنا ہے کہ بیرون ِملک پرواز کرنے والوں کے لیے ہفتہ اور اتوار انتہائی مصروف دن ہوں گے۔ طویل سفر کا ارداہ رکھنے والوں کی محبوب منازل میں دبئی، میکسیکو،کیوبا اور کینیا وغیرہ شامل ہیں۔
اسی طرح برف باری کا نظارہ کرنے والے سوئیزر لینڈ، فرانس، آسٹریا اور اٹلی کی جانب رواں دواں ہیں۔ البتہ سال ِنو کا جشن منانے والوں نے بھی مقبول منازل پیرس، ایڈنبرا، ایمسٹرڈم، روم اور ڈبلن کے لیے سفر کی تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔
ٹریول آرگنائزیشن کے مطابق تقریبا 360,000 مسافر اسٹینسٹیڈ ہوائی اڈے اور اتنے ہی تعداد میں مسافر مانچسٹر ہوائی اڈے سے پرواز کریں گے۔ لوٹن ہوائی اڈے سے پونے دو لاکھ افراد اور گلاسگو اور ایڈنبرا ہوائی اڈوں سے تقریبا ایک ایک لاکھ مسافر کرسمس کی تعطیلات کے دوران پرواز کریں گے۔
ٹریفک کی معلومات کے ادارے 'ان ریکس' نے بتایا ہے کہ برطانیہ بھر کی مصروف اور اہم شاہرہوں پر ٹریفک جام کی صورت ِحال سے بچنے کے لیے موٹر ویز کی مرمت کے کاموں کو یا تو مکمل کر لیا گیا ہے یا پھر ملتوی کر دیا گیا ہے تام 24 سے 26 دسمبر تک تقریبا 1 کروڑ 30 لاکھ افراد شاہراہوں پر ہوں گےاور ٹریفک جام کے باعث سفرکے اوقات میں کم از کم تین گنا اضافہ ہو جائیگا جبکہ 27 دسمبر پر ایک بار پھر سے کرسمس سیل پر شاہراہوں پر ٹریفک کا ہجوم نظر آئے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرسمس کے موقع پر دارالحکومت میں وسطی لندن کا سفر کرنے والوں کے لیے شاہراہوں کے ٹول چارجز کو 25 دسمبر سے پہلی جنوری تک کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
گو کہ لندن اپنے ریل کے منظم نظام کے باعث دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے لیکن کرسمس کے موقع پر معمول سے زیادہ مسافروں کے رش کی وجہ سے کئی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوں گی۔ ریل کا سفر کرنے والوں کو سفر میں ممکنہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ کئی اہم ریل اسٹیشنوں مثلا لندن وکٹوریہ اسٹیشن اورائرپورٹ ویسٹ سسیکس پر متعدد انجینئرنگ پروجیکٹس مصروف عمل رہیں گے۔
وزٹ انگلینڈ کے اعدادوشمار کے مطابق کرسمس پر دوست احباب اور عزیز و اقارب سے ملاقات کرنے کے لیے سفر پر تقریباً 2 بلین پونڈ کی رقم خرچ کی جاتی ہے اور تقریبا 20 فیصد برطانوی آبادی نے ایک رات گھر سے باہر گزارنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ جس سے برطانوی معیشت میں تقریبا 1.9 بلین پونڈ کا اضافہ ہو گا۔