'مس انفارمیشن' اس سال کا سب سے توجہ طلب انگریزی لفظ

مس انفارمیشن کوئی نیا لفظ نہیں ہے، مگر اس سال اس لفظ کو نئی زندگی ملی ہے۔ اور یہ لفظ ایک اصطلاح بن کر زبان زد عام ہو گیا۔

انگریزی زبان کی معروف آن لائن لغت، ڈکشنری ڈاٹ کام نے سال 2018 کے لفظ کا انتخاب کیا ہے۔ یہ لفظ ہے مس انفارمیشن یا غلط معلومات۔

ہر سال آن لائن ڈکشنری کی ماہر لسانیات جین سولومون کسی ایک نمائندہ لفظ کا انتخاب کرتی ہیں۔ اس سال یعنی 2018 کے لیے انہوں نے لفظ مس انفارمیشن یعنی غلط معلومات کو منتخب کیا ہے۔ اپنے اس انتخاب کا جواز پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے رجحانات کا جو نیا ڈیٹا جمع کیا، اس میں بہت سے ایسے الفاظ ملے ہیں جو انسان کے سچائی یا حقیقت کے ساتھ تعلق کا مظہر تھے۔ اور یوں لفظ مس انفارمیشن پر ہماری توجہ مرکوز ہوئی۔

ویسے مس انفارمیشن کوئی نیا لفظ نہیں ہے، مگر اس سال اس لفظ کو نئی زندگی ملی ہے۔ اور یہ لفظ ایک اصطلاح بن کر زبان زد عام ہو گیا۔ سوشل میڈیا کی کمپنیوں کو عوامی سطح پر خاصا ہدف تنقید بنایا گیا کہ ان کے نیٹ ورک کےذریعے گمراہ کن اطلاعات پھیل رہی ہیں، جن کا مقصد جذبات کو بھڑکانا اور ذہنی ابتری پھیلانا ہوتا ہے۔

جین سولو مون نے دونوں الفاظ کا فرق بھی بیان کیا ہے، ان کی تعریف کے مطابق مس انفارمیشن محض ایک غلط معلومات ہوتی ہے، خواہ نیت گمراہی پھیلانا ہو یا نہ ہو ، لیکن "ڈس انفارمیشن" اس معلومات کو کہتے ہیں جس کا واحد مقصد گمراہ کن معلومات کو عام کرنا ہو۔

ڈکشنری ڈاٹ کام کا کہنا ہے کہ ہر سال صرف ایک لفظ کا چناؤ اس لیے کیا جاتا ہے کہ لوگ اس پر توجہ دیں اور اصلاح احوال کر سکیں۔ جین سولومون کا مزید کہنا ہے کہ مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن کے مقابلے میں ایک ایسا لفظ ہے جو ذاتی نیت کا عکاس ہوتا ہے۔ اور اسی لیے ہم اس کو ختم کرنے، یا پھیلنے سے روکنے کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔

ڈکشنری ڈاٹ کام کو توقع ہے کہ مس انفارمیشن کی نشان دہی سے لوگ جواب طلب معلومات کو بہم پہچانے سے پہلے اس کے مضمرات کے بارے میں کئی بار ضرور سوچیں گے۔