مودی کا برطانوی مہم جو کے ہمراہ جنگل کا دورہ، اپوزیشن کی تنقید

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، فائل فوٹو

جنگلی حیات کے تحفظ اور قدرتی ماحول سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے برطانوی مہم جو بیئر گرلس کے ہمراہ ملک کے شمالی علاقوں کے جنگلات کا دورہ کیا۔

بھارت ماحولیات اور جنگلی حیات پر توجہ دے رہا ہے اور اس مقصد کے لیے برطانوی ٹی وی اسٹار اور جنگلات کے مہم جو بیئر گرلس نے بھارت کے شمال میں واقع جم کوبیٹ نیشنل پارک میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہمراہ ایک پروگرام ریکارڈ کیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نریندر مودی اور بیئر گرلس کے اس پروگرام کا ٹریلر جاری کیا گیا ہے جس میں ہاتھی، چیتے اور ہرن کو ان کے بہت قریب چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

نریندر مودی نے بیئر گرلس کی رہنمائی میں جنگلی حیات کو قریب سے دیکھا۔ اس موقع پر برطانوی ٹی وی اسٹار نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھارت کے بہت اہم شخص ہیں اور آپ کی حفاظت میری ذمہ داری ہے۔ جواب میں نریندر مودی نے کہا کہ اُن کی زندگی قدرتی ماحول کے بہت قریب رہی ہے اور بیشتر وقت انہوں نے پہاڑوں اور جنگلوں میں گزارا ہے۔

نریندر مودی نے برطانوی مہم جو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ کے پروگرام کی وجہ سے بھارت کی وسیع جنگلی حیات دنیا کو دکھانے کا موقع میسر آئے گا۔

یاد رہے کہ بھارت کے شمال میں ہمالیہ کا پہاڑی سلسلہ ہے جہاں دنیا کے نایاب جنگلی چیتے بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم کے ہمراہ بیئر گرلس کا یہ پروگرام 12 اگست کو ڈسکوری چینل پر نشر کیا جائے گا۔

بھارت میں سفید چیتوں کی تعداد لگ بھگ تین ہزار ہے۔

دوسری جانب بھارت کی اپوزیشن جماعتیں وزیر اعظم نریندر مودی کے جنگل کے دورے پر شدید تنقید کر رہی ہیں۔

کانگریس رہنماؤں نے مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پلواما میں فوجی جوان اپنی جانیں دے رہے ہیں اور مودی سیر سپاٹے کے لیے ہمالیہ کی پہاڑیوں پر نکل گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 2018 کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں چیتوں کی تعداد دو ہزار 967 تک پہنچ چکی ہے۔ حالیہ چند سالوں کے دوران چیتوں اور تیندووں کے دیہی علاقوں میں لوگوں پر حملوں کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔

بھارت کے شمالی علاقے میں گزشتہ ہفتے ہی ایک چیتے نے ایک شہری پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد علاقہ مکینوں نے چیتے کو ڈنڈے مار مار کر ہلاک کر دیا تھا۔