مقبول اسپینش سیریز 'منی ہائسٹ' کے پانچ کامیاب سیزن کے بعد اب 'منی ہائسٹ: کوریا' جلد آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم 'نیٹ فلکس' کی زینت بننے کے لیے تیار ہے۔
نیٹ فلکس نے جمعے کو 'منی ہائسٹ: کوریا- جوائنٹ اکنامک ایریا' کا آفیشل ٹریلر جاری کیا ہے۔ سیریز 24 جون کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہو گی۔'منی ہائسٹ: کوریا' کی کہانی شمالی اور جنوبی کوریا کے سرحدی علاقے میں بینک ڈکیتی کی واردات کے گرد گھومتی ہے۔
اس سیریز میں بھی کہانی 'پروفیسر' کے گرد گھومتی ہے جو چالیس کھرب کی ڈکیتی کے منصوبے میں 'ٹوکیو' کو اپنے ساتھ شامل کرنے کی پیش کش کرتا ہے۔
کورین منی ہائسٹ کی ہدایت کم ہونگ سن نے دی ہے جب کہ اسے 'بی ایچ انٹرٹینمنٹ' اور 'زیوم کونٹینٹ' نے نیٹ فلکس کے لیے پروڈیوس کیا ہے۔
اس سیریز کا اعلان نومبر 2020 میں کیا گیا تھا جس کے بعد سے مداحوں کو اس کا بے صبری سے انتظار تھا۔
'منی ہائسٹ: کوریا- جوائنٹ اکنامک ایریا' میں پروفیسر کا کردار یو جی تے نے ادا کیا ہے جب کہ سیریز میں پارک ہے سو سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ پارک ہے سو نے معروف کورین سیریز 'اسکوئڈ گیم' میں بھی اداکاری کی تھی۔
کورین سیریز'اسکوئڈ گیم' نے دنیا بھر میں خوب مقبولیت حاصل کی تھی اور یہ نیٹ فلکس کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز میں سے ایک ہے۔
SEE ALSO: منی ہائیسٹ: 'سیریز کو درست وقت پر ختم کرنا ہی اس کی کامیابی ہے'یاد رہے کہ کرائم، ڈرامہ اور تھرل سے بھرپور اسپینش ٹی وی سیریز 'لا کاسا دی پاپیل' کو جب انگریزی میں ڈب کر کے 'منی ہائسٹ' کے نام سے ریلیز کیا گیا تو اس نے دنیا بھر میں خوب مقبولیت حاصل کی۔
'منی ہائسٹ' پانچ سیزنز پر مبنی ہے اور گزشتہ برس اس کا آخری سیزن ریلیز ہوا تھا۔
یاد رہے کہ 'منی ہائسٹ' کے کردار 'برلن' کے گرد گھومنے والی ایک نئی سیریز کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے جو 2023 میں نیٹ فلکس پر ہی ریلیز کی جائے گی۔