2021 میں کون سی بڑی ہالی وڈ فلمیں ریلیز ہوں گی؟

کرونا کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر کے سنیما نئی فلمیں ریلیز نہ ہونے اور مختلف ملکوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ ایسے میں فلم میکرز اسٹریمنگ سروسز سے معاہدے کر کے اپنی سرمایہ کاری بچانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

بہت سے پروڈیوسرز اس شش و پنج میں مبتلا ہیں کہ اپنی فلم اسٹریمنگ سروس کو دیں یا ویکسین عام ہونے کے بعد تک کا انتظار کریں تاکہ اسے سنیماؤں میں ریلیز کیا جاسکے۔

متعدد ہالی وڈ فلم میکرز نے اپنی فلموں کی ریلیز آگے بڑھا دی ہے تاکہ جب سنیما کھلیں تو شائقین ان کی فلمیں تھیٹر میں دیکھ سکیں۔

بعض پروڈیوسرز نے اسٹریمنگ سروسز کے ساتھ معاہدے کر لیے ہیں تاکہ اگر سنیما وقت پر نہ کھلے تو اُن کی فلم شائقین تک ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے پہنچ جائے۔

جلد ہی زیک اسنائیڈر کی 'جسٹس لیگ' ایچ بی او میکس پر ریلیز ہو گی جب کہ 'ونڈر وومن' کا سیکوئل گزشتہ دسمبر میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی زینت بن چکا ہے۔

ہم آپ کو ایسی ہی چند فلموں کا احوال بتاتے ہیں جو اگر سنیما میں ریلیز ہوتی ہیں تو اس کی رونق بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی، چاہے اس کے لیے رواں برس کے آخر تک ہی انتظار کیوں نہ کرنا پڑے۔

ایکشن موویز

1۔ گوڈزیلا ورسز کونگ (31 مارچ)

ایچ بی او میکس اور سنیما میں بیک وقت ریلیز ہونے والی فلم کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے۔ اس فلم کے دیکھنے والوں کو ایک ٹکٹ میں دو مزے ملیں گے۔

گوڈزیلا فرنچائز کے دیوانے اپنے فیورٹ 'مونسٹر' کے لیے سنیما کا رخ کریں گے جب کہ کونگ کے چاہنے والے اس کی کامیابی کی دعا کریں گے۔ دونوں صورت میں جیت سنیما کی ہو گی۔

2۔ ایف 9 (28 مئی)

فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز کی نویں فلم کی ریلیز متعدد مرتبہ آگے بڑھ چکی ہے۔ لیکن پروڈیوسرز پُرامید ہیں کہ رواں برس مئی میں یہ فلم نہ صرف سنیما گھروں کی زینت بنے گی بلکہ اس کی کھوئی ہوئی رونقیں بھی بحال کر دے گی۔

اس فلم میں ڈومینیک ٹوریٹو (ون ڈیزل) پہلی بار اپنے بچھڑے ہوئے بھائی جیکب (جان سینا) کے مدِ مقابل ہوں گے۔

ڈومینیک اور اس کی ٹیم قانون کی مدد کرتی ہے جب کہ جیکب نے سائفر (چارلیز تھیرون) کے ساتھ مل کر قانون توڑنے کا عزم کیا ہوا ہے۔

اس فرنچائز کا سب سے اہم جز اس کے اسٹنٹس اور ایکشن سین ہیں اور شائقین اس بار پرامید ہیں کہ وہ مایوس نہیں ہوں گے۔

فلم کا ٹریلر گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے آتے ہی دھوم مچا دی تھی۔ دیکھتے ہیں فلم کے ریلیز ہونے پر سنیما میں دھوم مچتی ہے یا نہیں۔

3۔ جنگل کروز (30 جولائی)

اس بار فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز میں ڈوئن 'دی روک' جانسن ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے کیوں کہ اُن کے پاس ایک اور مشن ہے جس کا نام ہے 'جنگل کروز۔'

ڈزنی تھیم پارکس کی ایک مشہور رائیڈ پر مبنی اس فلم میں دی روک اور ایمیلی بلنٹ ایک ایسے درخت کی تلاش میں نکلتے ہیں جس میں جادوئی طاقت ہوتی ہے۔ لیکن اس درخت تک پہنچنے کے لیے انہیں ایک مخالف جرمن ٹیم کے ساتھ ساتھ جنگلی جانوروں کا بھی مقابلہ کرنا ہوتا ہے۔

اس لڑائی میں کون جیتتا ہے اور کس کے مقدر میں ہار آتی ہے، یہ فیصلہ رواں برس 30 جولائی کو سنیما گھروں میں ہو گا۔

4۔ نو ٹائم ٹو ڈائی (8 اکتوبر)

جیمز بانڈ کے لیے سب کچھ ممکن ہے۔ لیکن ڈینئل کریگ کی بحیثیت 007 آخری فلم کی ریلیز ان کے ہاتھ میں نہیں۔ کرونا وائرس کی وجہ سے فلم کی ریلیز کئی بار مؤخر ہوئی اور اب یہ فلم رواں برس اکتوبر میں ریلیز ہو گی۔

فلم میں جیمز بانڈ کی پانچ سال بعد واپسی دکھائی گئی ہے لیکن ان پانچ برسوں میں انہوں نے اپنے آرٹ کو زنگ نہ لگنے دیا۔

جیمز بانڈ کا اس بار بھی مشن دنیا کو تباہی سے بچانا ہے اور امید یہی کی جا رہی ہے کہ فلم کی ریلیز بھی دنیا بھر کے سنیماز کو تباہی سے بچانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

5۔ مشن امپاسیبل 7 (19 نومبر)

ایکشن فلموں کی بات ہو اور اس میں ٹام کروز کا ذکر نہ ہو، یہ تو ہو نہیں سکتا۔ مشن امپاسیبل سیریز کی ساتویں فلم رواں برس 19 نومبر کو سنیما کی زینت بننے کے لیے تیار ہے۔

فلم میں ٹام کروز کے ساتھ ساتھ سائمن پیگ، ونگ ریمز، ریبیکا فرگوسن، ونیسا کربی اور اینجلا بیسیٹ سمیت منجھے ہوئے اداکار ایکشن میں نظر آئیں گے۔

گزشتہ دنوں اس فلم کی شوٹنگ کے دوران لیک ہونے والی ٹام کروز کی ایک آڈیو کلپ وائرل ہوئی تھی جس میں ایس او پیز فالو نہ کرنے پر اداکار اپنی ٹیم پر برس رہے تھے۔

سپر ہیرو فلمیں

1۔ بلیک وڈو (7 مئی)

مارول فلمز نے سال 2020 میں اپنی کوئی فلم ریلیز نہیں کی۔ لیکن اس کمی کو پورا کرنے کے لیے اب مئی میں 'بلیک وڈو' پیش کی جا رہی ہے۔

اسکارلٹ جوہانسن کا یہ کردار ویسے تو 'ایونجرز اینڈ گیم' میں مر چکا ہے۔ لیکن یہ فلم شائقین کو 'کیپٹن امریکہ: سول وار' کے بعد کے زمانے میں لے جاتی ہے اور اُنہیں بتاتی ہے کہ نتاشا رامانوف، بلیک وڈو کیسے بنی۔

2۔ وینم ٹو: لیٹ دیئر بی کارنیج (25 جون)

وینم سیریز کی پہلی فلم میں بتایا گیا کہ ایڈی بروک نامی ایک نوجوان وینم نامی خطرناک سپر ولن کیسے بنا؟ وینم ٹو اسی سیریز کا دوسرا پارٹ ہو گی جس میں وینم (ٹام ہارڈی) کا مقابلہ اپنے ہی جیسے 'ایلین سمبیوٹ' کارنیج (ووڈی ہیرلسن) سے ہو گا۔

دونوں میں سے یہ جنگ کون جیتے گا؟ اس کا فیصلہ 25 جون کو ہو گا۔ لیکن ایک بات تو طے ہے فلم کے ایکشن سینز اس بار بھی جان دار اور شائقین کو حیران کر دینے والے ہوں گے۔

3- دی سوسائیڈ اسکواڈ (6 اگست)

ڈی سی کامکس کی یہ فلم ویسے تو 'سوسائیڈ اسکواڈ' کا سیکوئل نہیں، لیکن فلم بین اسے پہلی فلم سے ہی جوڑیں گے۔ کیوں کہ وائیولا ڈیوس، جے کورٹنی، مارگو روبی اور جوئل کینامن اس سیریز میں دوسری بار جلوہ گر ہوں گے۔

فلم کی کاسٹ میں ول اسمتھ کے ڈیڈشوٹ کی جگہ ادریس ایلبا کا بلڈ اسپورٹ شامل ہو گا۔ جب کہ سلویسٹر اسٹیلون اور نیتھن فلین بھی اس کاسٹ کا حصہ ہوں گے۔

فلم کی کہانی ایک ایسے خطرناک گروہ کے گرد گھومتی ہے جو ہائی پروفائل جیل میں قید ہوتے ہیں۔ انہیں جنوبی امریکہ میں ایک تقریباً ناممکن مشن پر بھیجا جاتا ہے جس سے جو زندہ واپس آجائے گا، اس کی سزا کم کر دی جائے گی۔

یہ فلم ایچ بی او میکس کے ساتھ ساتھ سنیما گھروں میں بھی بیک وقت ریلیز کی جائے گی۔

4- دی ایٹرنلز (5 نومبر)

اس سال مارول اسٹوڈیوز بھرپور ایکشن میں نظر آئے گا۔ ٹیلیویژن پر تو ان کی مختلف سیریز نشر ہو ہی رہی ہیں، 'ایونجرز: اینڈگیم' کے بعد دنیا کو بچانے کے لیے انہوں نے 'ایٹرنلز' نامی ٹیم کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فلم میں اینجلینا جولی، سلمیٰ ہائیک، کمیل ننجیانی سمیت کئی اسٹارز ایم سی یو (مارول سنیمیٹک یونیورس) کا حصہ بنیں گے اور دنیا کو مخالفین 'دی ڈیوینٹس' سے بچانے کی کوشش کریں گے۔

اس فلم کے ذریعے ایم سی یو کے فیز فور کا آغاز ہو گا۔ جب کہ جرمن کمپوزر رامن جوادی اس فلم کا اسکور ترتیب دیں گے۔ وہ اس سے قبل ایم سی یو کی پہلی فلم 'آئرن مین' کا بیک گراؤنڈ اسکور کمپوز کر چکے ہیں۔

5- اسپائیڈر مین تھری (17 دسمبر)

ٹام ہالینڈ کی بحیثیت اسپائیڈر مین واپسی کا سب کو اس وقت سے انتظار ہے جب سیریز کی دوسری فلم کے آخر میں پیٹر پارکر کے باس جے جے ٹامسن نے دنیا کو بتا دیا تھا کہ پیٹر پارکر ہی اسپائیڈر مین ہے۔

اس فلم میں وہ اس راز سے خود کو کیسے بچاتے ہیں اور دنیا کو کیسے یقین دلاتے ہیں کہ پیٹر پارکر اور اسپائیڈر مین الگ الگ فرد ہیں۔ اس کا فیصلہ سال کے آخر میں فلم کی ریلیز کے ساتھ ہو گا۔

فلم میں اسپائیڈر مین سیریز کے دو مشہور ولن ڈاکٹر آکٹوپس (ایلفریڈ مولینا) اور ایلیکٹرو (جیمی فوکس) ایک بار پھر سپر ہیرو کی زندگی میں تباہی مچانے آئیں گے۔ لیکن اسپائیڈر مین آئرن مین کے بجائے ڈاکٹر اسٹرینج (بینیڈیکٹ کمبربیچ) کی مدد سے ان دونوں ولنز کا سامنا کرے گا۔

سیکوئلز

1- منینز: دی رائز آف گرو (2 جولائی)

ہر برا آدمی، دل کا برا نہیں ہوتا اور اینی میٹد سیریز منینز کی نئی فلم میں کچھ ایسا ہی دکھایا گیا ہے۔

فلم کی کہانی 12 سالہ گرو کے گرد گھومتی ہے جو سپر ولن بننے کے چکر میں ایک ایسے گروہ سے لڑائی مول لیتا ہے جو سپر ولنز پر مشتمل ہوتا ہے۔

گرو کی مدد کو اسی گروہ کا سابق سربراہ آتا ہے۔ منینز کیون، اسٹورٹ، باب اور اوٹو کی بے وقوفیاں کیسے گرو کی مدد کرتی ہیں اور کس طرح اسے سپر ولنز کے خلاف کامیاب بناتی ہیں۔ یہ جاننے کے لیے 'رائز آف گرو' دیکھنا مت بھولیے گا۔

2- ٹاپ گن: میورِک (2 جولائی)

سن 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم 'ٹاپ گن' میں ٹام کروز نے ایک ایسے 'میورک' پائلٹ کا کردار ادا کیا تھا جس کے ایک مشن کے دوران اس کا دوست مر جاتا ہے جب کہ وہ خود زخمی ہو جاتا ہے۔

اس سیکوئل میں 35 سال بعد اسی دوست کا بیٹا (مائلز ٹیلر) نیوی کا حصہ ہوتا ہے اور اپنے باپ کی موت کا ذمہ دار کیپٹن پیٹ 'میورک' مچل (ٹام کروز) کو قرار دیتا ہے جو اب ایک ٹیسٹ پائلٹ کے ساتھ ساتھ فلائٹ انسٹرکٹر بھی ہے، اپنے آنجہانی دوست کے بیٹے کا فلائٹ انسٹرکٹر۔

پہلی فلم کی کاسٹ میں سے اداکار ویل کلمر ایک مرتبہ پھر 'آئزمین' کا رول ادا کریں گے لیکن 'میورِک' کی طرح وہ انسٹرکٹر نہیں بلکہ ایڈمرل بن چکے ہیں جو ٹام کروز کا کردار بننا نہیں چاہتا کیوں کہ اسے آج بھی 'نیڈ فار اسپیڈ' چاہیے۔

3- اسپیس جیم: اے نیو لیگسی (16 جولائی)

جس طرح 1996 میں اس وقت کے سب سے بڑے باسکٹ بال کھلاڑی مائیکل جارڈن نے لونی ٹونز کریکٹرز کی مدد کرکے خلائی مخلوق کو شکست دی تھی۔ اسی طرح 25 سال بعد 'اسپیس جیم: اے نیو لیگسی 'میں لبرون جیمز - بگز بنی، ڈیفی ڈک، پورکی پگ، لولا بنی، ماوین دی مارشن، ٹوئیٹی، اسپیڈی گونزالس اور سلویسٹر جیسے اینی میٹڈ کریکٹرز کی مدد کریں گے۔

اس بار ان کے مدِ مقابل کون ہو گا اور لونی ٹونز کیسے ان کی مدد کرنے کے لیے لبرون جیمز کو قائل کریں گے۔ اس کے لیے 16 جولائی تک انتظار کرنا ہو گا۔

یہ فلم ایچ بی او میکس اور سنیما گھروں پر بیک وقت ریلیز کی جائے گی۔

4- گوسٹ بسٹرز: آفٹر لائف (11 نومبر)

یہ گوسٹ بسٹرز فرنچائز کی چوتھی فلم تو ہے لیکن یہ 'گوسٹ بسٹرز ٹو' کا سیکوئل ہے۔ اور اسی لیے پہلی دو فلموں کی لیڈ کاسٹ اس فلم کا حصہ ہے۔

جی ہاں ڈین ایکروئیڈ، بل مرے اور ارنی ہڈسن اس فلم میں شامل ہیں۔ لیکن کہانی ان کے نہیں، بلکہ ان بچوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی ماں کے ساتھ اپنے آنجہانی نانا کے فارم میں شفٹ ہوتے ہیں۔ جب ان کے علاقے میں غیر معمولی زلزلے آتے ہیں تو انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ یہ زلزلے نہیں بلکہ بھوتوں کو کارستانی ہے۔ اور یہاں سے گوسٹ بسٹرز کی واپسی ہوتی ہے۔

آگے کیا ہوتا ہے، یہ 'گوسٹ بسٹرز' آپ کو خود بتائیں گے۔

5- دی میٹرکس فور (22 دسمبر)

آج سے 22 سال قبل جب 'میٹرکس' فرنچائز کی پہلی فلم سنیما میں ریلیز ہوئی تھی تو شائقین خوش گوار حیرت میں مبتلا ہوئے تھے۔

کینو ریوز، لارنس فش برن اور کیری این موس کو نیو، ٹرینٹی اور مارفیس کے کرداروں میں دیکھ کر انہیں بھی کچھ دیر کو یقین ہو گیا تھا کہ جو کچھ اسکرین پر نظر آ رہا ہے وہ واقعی ہو بھی سکتا ہے۔

دو مزید سیکوئل بنانے کے بعد فلم کے ہدایت کاروں نے ایک بریک لیا اور اب 18 سال بعد سیریز کی چوتھی فلم کے ساتھ کم بیک کر رہے ہیں۔

اس بار فلم میں لارنس فش برن تو نہیں لیکن جیڈا پنکٹ اسمتھ ہوں گی جو اس سے قبل میٹرکس سیریز کی دوسری اور تیسری فلم کا حصہ تھیں۔

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا، یحییٰ عبد المتین ٹو اور نیل پیٹرک ہیرس بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔ جب کہ نیو اور ٹرینٹی اسی طرح ایکشن میں نظر آئیں گے جیسے پہلے تین فلموں میں آئے تھے۔