جاپان: آتش فشاں پھٹنے سے ’36 ہلاکتوں‘ کا خدشہ

ماؤنٹ اونتا پر جب آتش فشاں پھٹا تو اُس وقت وہاں پہاڑ پر لگ بھگ 250 افراد موجود تھے۔ حکام کے مطابق پہاڑ پر موجود بیشتر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا لیکن بعض افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

جاپان میں امدادی کارکنوں نے ’ماؤنٹ اونتا‘ کے آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد پیر کو دوبارہ تلاش کے لیے کام شروع کیا اور اُنھیں چوٹی کے قریب سے مزید پانچ افراد ملے جن کی ’حرکت قلب‘ تھی۔ جس سے ہلاکتوں کی تعداد 36 ہونے کا خدشہ ہے۔

جاپان میں اس سے قبل پولیس نے کہا ہے کہ اُنھیں ماؤنٹ اونتا کی چوٹی کے قریب سے 31 افراد ملے تھے جن میں سے حکام نے چار کی ہلاکت کی تصدیق کر دی تھی جب کہ باقی 27 کی ’حرکت قلب‘ بند تھی۔

لیکن ملک میں عموماً ڈاکٹروں کی طرف سے معائنے کے بعد ہی کسی کی ہلاکت کی تصدیق کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے روز بغیر کسی پیشگوئی کے ماؤنٹ اونتا کے آتش فشاں پھٹ گیا اور وہاں سے لاوا نکلنا شروع ہو گیا۔

ماؤنٹ اونتا جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سے 200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور اس کی بلندی 3067 میٹر ہے۔

اطلاعات کے مطابق جب آتش فشاں پھٹا تو اُس وقت وہاں پہاڑ پر لگ بھگ 250 افراد موجود تھے۔

حکام کے مطابق پہاڑ پر موجود بیشتر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا لیکن بعض افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

جاپان کے وزیراعظم شنزو ابی نے ہفتے کے روز ہی فوج کو پہاڑ پر پھنسے لوگوں کی مدد کا حکم دیا تھا اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے امدادی کام کیا گیا۔

اتوار کی سہ پہر امدادی کارروائیاں عارضی طور پر روک دی گئی تھیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آتش فشاں سے نکلنے والے لاوے کی آٹھ انچ موٹی طے قریبی علاقوں میں دبی ہوئی ہے۔

آتش فشاں سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث اگرچہ بین الاقوامی پروازوں کا معمول تو متاثر نہیں ہوا تاہم ٹوکیو ایک ہوائی اڈے پر بعض مقامی پروازیں کو چالیس سے پچاس منٹ تاریخ کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ جہازوں کو اپنا روٹ تبدیل کرنا پڑا۔

جاپان میں آتش فشاں پھٹ پڑا