اسامہ بن لادن کی ہلاکت جن حالات اور واقعات کے پس منظر میں ہوئی ہے وہ نہایت سنجیدہ ہونے کے ساتھ اس قدر دلچسپ بھی ہیں کہ اس پر مغربی، امریکی اور بھارتی فلمی انڈسٹریز میں فلمیں بنانے کا سوچا جارہاہے۔
اس سے قبل بھی اسامہ پر ان کی زندگی میں ہی کئی فلمیں بن چکی ہیں جن میں 2003ء میں افغانستان میں بننے والی فارسی زبان کی فلم اسامہ اور بنی بھارتی فلم ’تیرے بن لادن‘ سر فہرست ہیں۔
اسامہ بن لادن کی شخصیت زندگی بھر اسرار کے پردوں میں چھپی رہی تھی،موت کے بعد بھی ان کی پر اسراریت ختم نہیں ہوئی۔ اور ابیٹ آباد کے ایک احاطے میں امریکی اسپیشل فورسز کے خفیہ مشن میں ہلاکت کے بعد وہ ایک بار پھر دنیا بھر کے عوام کی دلچسپی کا مرکز بن گئے ہیں۔
ہالی ووڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر کیتھرین بیگلو ، اسامہ کی ہلاکت سے قبل ہی ان پر فلم بنانے کااعلان کرچکے ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ہالی ووڈ کا کوئی بھی اداکارآخری خبریں آنے تک اسامہ کا کردار نبھانے کے لیے تیار نہیں تھا۔