دھونی دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے بھارتی ٹیم سے آؤٹ

چیف سلیکٹر مناورا پراساد کا کہنا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے دھونی دستیاب نہیں ہیں لیکن انہوں نے عدم دستیابی کی وجہ نہیں بتائی۔ (فائل فوٹو)

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے سلیکشن پینل نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔ تاہم سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندرا سنگھ دھونی کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

سابق کپتان دھونی کے مستقبل سے متعلق مقامی میڈیا میں پہلے ہی اس قسم کی خبریں گردش کر رہی تھیں کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے اُنہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

دھونی کو منتخب نہ کیے جانے سے متعلق چیف سلیکٹر مناورا پراساد کا کہنا ہے کہ "دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے دھونی دستیاب نہیں ہیں" لیکن انہوں نے عدم دستیابی کی وجہ نہیں بتائی۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایم ایس دھونی دو ماہ کے لیے بھارتی فوج کی پیراشوٹ رجمنٹ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔ اُنہیں فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کا اعزازی رینک بھی حاصل ہے۔

چیف سلیکٹر پراساد نے دھونی کی ریٹائرمنٹ سے متعلق کہا کہ "یہ دھونی جیسے کرکٹر جانتے ہیں کہ انہیں کب ریٹائرمنٹ لینی ہے اور یہ خالصتاً اُن کا اپنا ذاتی فیصلہ ہوگا۔"

چیف سلیکٹر نے واضح کیا کہ اول تو یہ کہ دھونی دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے دستیاب نہیں ہیں اور ہم نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارتی ٹیم 3 اگست سے دورہ ویسٹ انڈیز کا آغاز کرے گی جس کے دوران دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

دورہ ویسٹ انڈیر کے لیے ویرات کوہلی تینوں فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے اور دھونی کی جگہ ریشھب پانٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سلیکشن پینل نے ون ڈے ٹیم کے لیے جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے اُن میں کپتان ویرات کوہلی، نائب کپتان روہت شرما، شیکھر دھون، کے ایل راہول، منیش پانڈیا، کیدر یادیو، ریشھب پانٹ، روندرا جدیجا، کلدیب یادیو، یزوندرا چاہل، محمد شامی، بھونیشور کمار، خلیل احمد، نودیپ سیانی اور شہریاس لائر شامل ہیں۔

بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ اِن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما، کے ایل راہول، چتیسور پجارا، اجنکیا ریہانے، ہنوما ویہاری، ریشھب پانٹ، روی چندرن ایشون، رویندرا جدیجا، محمد شامی، ایشانت شرما، کلدیپ یادیو، جیسپرت بھمرا اور اومیش یادیو۔

بھارتی 15 رکنی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما، شیکھر دھون، کے ایل راہول، شہریاس لائیر، منیش پانڈیا، ریشھب پانٹ، کرونل پانڈیا، روندرا جدیجا، واشنگٹن سندر، راہول چاہر، بھونیشور کمار، خلیل احمد، دیپک چاہر اور نودیپ سیانی شامل ہیں۔