میانمار جسے برما بھی کہا جاتا ہے، میں کاچن نسل کے باغیوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ان کے ہیڈ کوراٹر اور تربیتی اسکول پر حملہ کیا ہے جس میں لگ بھگ دو درجن زیر تربیت کیڈٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔
کاچن امن مذاکرات کار کن جا نے وائس آف امریکہ کی برمی سروس کو بتایا کہ توپ خانے سے اچانک حملہ شمالی قصبہ لیزا کے باہر بلند پہاڑی سے کیا گیا جو کاچن آزاد فوج ( کے آئی اے) کا گڑھ ہے۔
کن جا نے کہا کہ،" کے آئی اے، کے بیس کیڈٹ ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 16 دوسرے زخمی ہوئے۔ مائی لاؤ کے علاقے میں واقع 'کے آئی اے' کی اگلی صفوں کے قریب واقع بٹالین 26 کی چوکی بھی حملے کی زد میں آئی جسے آج صبح تین بجے تباہ کر دیا گیا"۔
بدھ کو کم ازکم ایک اور کاچن کیمپ کو بھی گولا باری کا نشانہ بنایا گیا۔
کن جا کا کہنا ہے کہ حکومتی حملے کی وجہ سے دونوں فریقوں کے درمیان معطل شدہ امن مذاکرات کا دوبارہ شروع ہونا اب غیر یقینی ہے۔
کاچن اور دوسرے باغی نسلی گروہ مرکزی حکومت کے ساتھ کئی دہائیوں سے برسر پیکار ہیں جس میں ہزارو ں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ان میں سے کئی ایک نے حالیہ سالوں میں عارضی جنگ بندی کے معاہدے کیے تاہم مستقل جنگ بندی کے معاہدے کے بارے میں بات چیت جاری ہے۔