الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں استعمال کی جانے والی بائیو میٹرک مشینوں کا تجربہ تسلی بخش رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق این اے 120 کے حلقے میں 39 پولنگ اسٹیشنز پر 100 بائیومیٹرک مشینز لگائی گئیں تھیں اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق ان مشینوں کے ذریعے 88 فیصد ووٹرز کے کوائف کی تصدیق کی گئی اور تصدیقی عمل کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جن پولنگ اسٹیشنز پر بائیومیٹرک مشینیں نصب کی گئی تھیں وہاں ووٹ ڈالنے کے لیے آئےووٹرز نے بائیو میٹرک تصدیق میں خصوصی دلچسپی لی اور اس کا تجربہ تسلی بخش رہا۔ بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے 19 ہزار 483 ووٹرز کی کامیابی سے تصدیق کی جبکہ 2611 ووٹوں کی تصدیق نہ ہوسکی۔ مجموعی طور پر بائیو میٹرک مشینوں پر 22 ہزار 102 ووٹرز کو تصدیق کے عمل سے گزارا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نادرا کے مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک بائیومیٹرک تصدیق کا یہ عمل تجرباتی طور پر کیا ہے اور عام انتخابات کے نتائج پر ان کا کوئی اثر نہیں ہوگا، ان نتائج کی مدد سے مستقبل میں بائیومیٹرک ڈیٹا کے ذریعے کمپیوٹرائزڈ الیکشن کرانے کے لیے کوشش کی جارہی ہے،
نادرا نے اس مقصد کے لیے خصوصی سافٹ وئیر بھی تشکیل دیا تھا لیکن بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی اس نظام کو مکمل طور پر رائج کرنے میں ایک طویل وقت درکار ہے،