کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ہونے والے ایک دستی بم حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور تقریباً 40زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دھماکے ہفتے کو اُس وقت ہوئے جب ایک اہم بس اڈے کے بیرونی دروازے پر دو گرینیڈ پھینکے گئے۔
پولیس کے معاون ترجمان چارلس اوینو نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ دستی بم ایک جاتی ہوئی موٹر گاڑی سے داغے گئے۔
اُن کے بقول، عینی شاہدین نےبتایا ہے کہ ایک چلتی ہوئی گاڑی میں سوار کچھ لوگوں نے بس اسٹیشن پر موجود مجمعے کوحملے کا نشانہ بنایا۔
پچھلے اکتوبر میں جب سے کینیا نے القاعدہ سے منسلک الشباب کے لڑاکوں سے نبردآزما ہونے کے لیےاپنے فوجی صومالیہ روانہ کیے، دارلحکومت میں دستی بم حملے کا یہ تازہ ترین واقعہ بتایا جاتا ہے۔
حملے کے فوری بعد، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا جِس کے لیے کہا جاتا ہے کہ وہ الشباب کا رُکن ہے۔