ہالی وڈ فلموں کے ایکشن ہیرو ٹام کروز نئی فیچر فلم خلا میں بنانا چاہتے ہیں۔ جس کے لیے وہ 'اسپیس ایکس' نامی کمپنی اور امریکی خلائی ادارے 'ناسا' سے بات چیت کر رہے ہیں۔
ناسا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سے ٹام کروز کے ساتھ ابتدائی مذاکرات جاری ہیں۔
ناسا کے منتظم جم برائیڈن اسٹائن نے خبر کی تصدیق ایک ٹوئٹ کے ذریعے کی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ناسا ٹام کروز کے ساتھ اسپیس اسٹیشن میں ایک فلم کی تیاری کے حوالے سے پُرجوش ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں مقبول میڈیا کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل کے انجنیئرز اور سائنسدانوں کو ناسا کے منصوبوں کو حقیقت کا روپ دینے کی غرض سے راغب کیا جا سکے۔
تاہم انہوں نے اس منصوبے سے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
ٹام کروز انتہائی خطرناک اسٹنٹس بھی خود کرنے کے حوالے سے منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ فلم 'مشن امپوسیبل 'سیریز میں ان کے اسٹنٹس دنیا بھر میں مقبول ہوئے تھے۔ اگر ان کی خواہش پوری ہوجاتی اور منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو وہ انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر فلم بنانے والے دنیا کے پہلے فنکار کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کی شوٹنگ خلا میں کیوں کر ممکن ہوسکے گی مگر خلائی کمپنی اسپیس ایکس کو پہلا انسان بردار خلائی طیارہ خلا میں بھیجنے کی منظوری مل چکی ہے اور 27 مئی کو یہ اسپیس کرافٹ ناسا کے خلابازوں کو لے کر خلا میں جائے گا۔
اس کے بعد خلائی طیارے کو دیگرخلائی آپریشنز کے لیے استعمال کیا جائے گا۔