واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل ڈے آف سروس

فائل فوٹو

ہفتے کے روز کا آغاز صدر باراک اوباما اور نائب صدر جو بائیڈن نے امریکیوں کو ’ننیشنل ڈے آف سروس‘ کی تیاریوں میں اپنی کمیونٹی کا ساتھ دینے اور رضاکارانہ طور پر کام کرنے کے لیے تلقین سے کیا۔
صدر باراک اوباما اپنی دوسری میعاد ِ صدارت کے لیے پیر کو حلف اٹھائیں گے۔ جس کی تیاریوں کا آغاز اشنگٹن ڈی سی میں ہفتے کے روز سے کر دیا گیا ہے۔

چار سال قبل صدر باراک اوباما اور انکی اہلیہ خاتون ِ اول مشیل اوباما نے ایک نئی روایت کا آغاز کیا تھا۔ اور وہ روایت تھی امریکی صدر کی تقریب ِ حلف برداری سے پچھلے ویک اینڈ پر ’نیشنل ڈے آف سروس‘ منانے کی۔ اس روز پورے امریکہ میں لوگ مقامی کمیونٹی کی مختلف سرگرمیوں میں رضاکارانہ طور پر حصہ لیتے ہیں۔

ہفتے کے روز کا آغاز صدر باراک اوباما اور نائب صدر جو بائیڈن نے امریکیوں کو ’ننیشنل ڈے آف سروس‘ کی تیاریوں میں اپنی کمیونٹی کا ساتھ دینے اور رضاکارانہ طور پر کام کرنے کے لیے تلقین سے کیا۔

Your browser doesn’t support HTML5

حلف برادری کی روایتی اور علامتی حیثیت ۔ وڈیو



واشنگٹن میں منائے جانے والے ’نیشنل ڈے آف سروس‘ کا مقصد انسانی حقوق کے سرگرم کارکن ڈاکٹر مارٹن لوتھر کنگ جونئیر کی خدمات کو خراج ِ تحسین پیش کرنا ہے۔

واشنگٹن میں ہوئے اس سمٹ کے شرکاء میں معروف فنکارہ ایوا لونگوریا بھی شامل تھیں۔ جن کا کہنا تھا، ’’صبح بخیر، میں بہت پرجوش ہوں۔ یہ دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے کہ آپ سب لوگ یہاں پر ’نیشنل ڈے آف سروس‘ کے لیے اکٹھے ہوئے اور اپنی کمیونٹی کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں‘‘۔

سابق امریکی صدر بل کلنٹن اور امریکی وزیر ِ خارجہ ہلری کلنٹن کی بیٹی چیلسی کلنٹن بھی اس سمٹ میں موجود تھیں۔ چیلسی کا کہنا تھا، ’’میں ایوا کی بات کی تائید کروں گی۔ مجھے اس بات کی بھی بہت خوشی ہے کہ میں آج اس تقریب کی اعزازی صدر ہوں۔ یہ دن میرے لیے ذاتی وجوہات کی بنا پر بہت اہم ہے۔ مجھے اپنے والدین پر بہت فخر ہے۔ اور مجھے اس بات پر بھی بہت فخر ہے کہ آج جو دن ہم منا رہے ہیں اس کے بل کی منظوری آج سے انیس سال پہلے میرے والد نے دی تھی‘‘۔

لیکن ویک اینڈ کی گہماگہمی اس ایک تقریب کے بعد ختم نہیں ہوگی۔ امریکی خاتون ِ اول مشیل اوباما اور امریکی نائب صدر جو بائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن شام میں بچوں کے ایک کانسرٹ کی میزبانی کریں گے۔ اس کا مقصد امریکی فوجیوں کے خاندانوں اور بچوں کو خراج ِتحسین پیش کرنا ہے۔