بلوچستان میں حالات بہتر ہو رہے ہیں، نوازشریف

وزیر اعظم نوازشریف پلوچستان کی بندرگاہ گوادر کے ایک اجتماع میں پارٹی کے راہنماؤن کے ساتھ۔ 16 مارچ 2017

وزیر اعظم نوازشریف نے گوادر میں ایک اجتماع میں تقریر کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کی ترقی کے میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے جس سے علاقے میں خوش حالی اور امن آئے گا۔

ستارکاکٹر

وزیر اعظم نواز شریف نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال میں بہتر ی آرہی ہے وہ لوگ جو قتل و غارت میں ملوث تھے وہ سیکورٹی فورسز کی مو ثر کاروائیوں کے باعث فرار ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم نے یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب ایک روز قبل ہی صوبائی دارلحکومت کو ئٹہ کےمرکزی حصے سے محکمہ تعلیم کے ایک سیکرٹری عبداللہ جان کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کے اغوا میں کونسا گروپ ملوث ہے۔

جمعرات کو گوادر کے دوروزہ دورے کے اختتام پر ایک اجتماع سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال بہترہوگئی ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے، جس سے علاقے کے لوگوں کے لیے ترقی اور خوش حالی کی راہیں کھلیں گی اور امن وامان کی صورت حال میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا کہ یہاں دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے تھے اوردہشت گرد امن پسندوں کی جانوں کے درپے تھے۔ لیکن آج جب یہاں ترقی ہو رہی ہےاور شاہرائیں بن رہی ہیں تو دہشت گرد بھاگ رہے ہیں۔ یہ سب بھاگ جائیں گے اور ہم انہیں بھگا کر ہی دم لیں گے۔

انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ بلوچستان میں صر ف شاہرائیں ہی نہیں بن رہیں بلکہ بلکہ ایک بڑا بجلی گھر بھی قائم کیا جا رہا ہے جو صرف گوادر کو ہی نہیں بلکہ دوسرے کئی علاقوں کو بھی ر وشن کرے گا۔