چین نے نیپال کی فوج کو ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر سے زیادہ ا مداد دینے کا وعدہ کیا ہے ، جسے ماہرین دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کی ایک علامت کے طورپر دیکھ رہے ہیں۔
چین کی فوج کے سربراہ جنرل چن بنگ دے نے نیپال کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران اپنے نیپالی ہم منصب جنرل چترامن سنگھ گورونگ سے ملاقات کی۔ دونوں اعلی فوجی عہدے داروں نے ایک معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت چین نیپالی فوج کو آلات اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے مالی وسائل فراہم کرے گا۔
جمعرات کے روز کھٹمنڈو میں جنرل چن نے نیپالی وزیر اعظم جھالاناتھ کمال اور وزیر دفاع بشنو پوڈل سے بھی ملاقات کی۔
چینی فوج کے سربراہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان کے اس دورے کامقصد خطے میں بہتر استحکام کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں اضافہ کرناہے۔
جنرل چن کا نیپال کا دورہ گذشتہ دس سال سے زیادہ عرصے میں چینی فوج کے کسی اعلیٰ عہدے دار کا پہلا دورہ ہے۔