حکومت کو معزول کرنے کے لیےنیپال کےماؤنوازوں نےملک بھرمیں غیرمعینہ مدت کےلیےعام ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔
ماؤنوازوں کے رہنما اور سابق وزیرِٕ اعظم پشپا کمل دہل نے دارالحکومت میں اپنے ہزاروں حامیوں سے خطاب میں کہا کہ حکومت نے اُن کے لیے اورکوئی راستہ نہیں چھوڑا۔
سابق وزیرِ اعظم نے، جو پراچندا کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، یہ اعلان موجودہ وزیرِ اعظم مادھیو کمار نیپال کی طرف سے ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں استعفیٰ دینے سے انکار کا اعلان کیا۔
ہفتے کے روز پراچندانے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اُنھیں توقع ہے کہ کچھ ہی دِنوں کے اندر اندر حکومت ختم ہو جائے گی اور یہ کہ وہ وزیرِ اعظم کے طور پر فرائض انجام دینا شروع کر دیں گے۔
پارلیمان میں ماؤنوازوں کو اکثریت حاصل ہے اوروہ مسٹر نیپال کے غیر مشروط استعفیٰ کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔
اِس سے پیشتر مسٹر نیپال نے کہا تھا کہ وہ مناسب وقت پر حکومت سے علاحدہ ہوں گے، لیکن وائس آف امریکہ کو یہ بھی بتایا کہ ماؤ نوازوں کی طرف سے تشدد کے مظاہرے کی صورت میں وہ فوج کو بھی بلا سکتے ہیں۔