نیپال میں حکام کا کہنا ہے کہ کا 85 سالہ نیپالی کوہ پیما جو سب سے زیادہ عمر میں دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کرنے کا اعزاز دوبارہ حاصل کرنا چاہتے تھے، ہفتہ کو دیر گئے ایک بیس کیمپ میں انتقال کر گئے۔
من بہادر شرچن 2008 میں آٹھ ہزار آٹھ سو پچاس میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والے سب سے زیادہ معمر شخص بنے تھے۔ اُس وقت ان کی عمر 76 سال تھی۔ تاہم بعدازں یہ اعزاز جاپان کے 80 سالہ یچیرو میورا کو حاصل ہو گیا۔
نیپال میں 16 سال سے کم عمر کے کسی بھی فرد کو ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے کی اجازت نہیں ہے لیکن اس کی طرف سے زیادہ سے زیادہ عمر کی کوئی حد مقر نہیں کی گئی ہے۔
کوہ پیمائی کے شعبہ سے وابستہ عہدیداروں جن میں ایک اس بیس کیمپ میں بھی موجود تھا کہ من بہادر کی موت ممکنہ طور پر حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے واقع ہوئی۔
من بہادر نے اپریل میں خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا تھا کہ وہ ایورسٹ کو دوسری بار سر کرنے کے لیے کئی مہینوں سے ٹریننگ کر رہے ہیں۔ وہ ایک پیشہ ور کوہ پیما نہیں تھے بلکہ وہ کٹھمنڈو میں بطور کسان، تعمیراتی کارکن اور ہوٹل مینجر کے طور پر کام کرتے رہے۔
ماؤنٹ ایورسٹ کے قرب و جوار میں رواں ہفتے ہلاک ہونے والے وہ دوسرے کوہ پیما تھے۔ قبل ازیں معروف سوئس کوہ پیما اولی سٹیک 30 اپریل کو ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھتے ہوئے نپٹسے پہاڑ پر گر کر ہلاک ہو گئے تھے۔