نیپال کی حکومت نے بدعنوانیوں کے ایسے الزامات کے دوران وزیرِ تعلیم رام چندر خوش والا کو برطرف کردیا ہے ، جن کے نتیجے میں اس پس ماندہ ملک میں سکولوں میں اصلاحات کے ایک پروجیکٹ کے لیےبین الاقوامی امدادی رقوم کی فراہمی روک دی گئى تھی۔
سربندرا ناتھ شُکلا نے خوش والا کی جگہ وزیرِ تعلیم کے عہدے کا حلف اُٹھالیا ہے۔ خوش والا پر الزام تھا کہ اُس نے سکولوں میں اصلاحات کے پروجیکٹ یانصابی کتابوں کی اشاعت کے پروجیکٹ میں ملازمتیں دلوانے کے عوض ٹیچروں سے رشوت وصول کی تھی۔
خوش والا نے ان الزامات سے انکار کردیا تھا۔ لیکن ان کے نتیجے میں بین الاقوامی عطیات دینے والوں نے سکول پروجکیٹ کے لیے لاکھوں ڈالر کی فراہمی کو معطل کردیا تھا۔ اصلاحات کے اس منصوبے کی مدد کرنے والوں میں عالمی بینک اور ایشیائى ترقیاتی بینک بھی شامل ہیں۔