گمبھیر اور آفریدی کے مصافحے کے چرچے؛ 'میری آنکھوں میں تو دیکھ'

Afridi

کرکٹ کے شائقین دو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے کرکٹرز کو آمنے سامنے کم ہی دیکھتے ہیں جس کی بڑی وجہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تناؤ ہے۔ لیکن جب بھی دونوں ملکوں کے کرکٹرز ایک ساتھ نظر آتے ہیں تو شائقین کا جوش بھی دیدنی ہوتا ہے۔

دونوں ممالک کی ٹیمیں یا کرکٹرز آئی سی سی کے کسی ایونٹ یا ایشیا کپ میں ہی عموماً ایک دوسرے کے سامنے آتے ہیں۔

مگر جمعے کو دونوں ممالک کے سینئر اور ریٹائر کھلاڑی ایک مرتبہ پھر سامنے آئے اور ایسے میں شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر کا بھی ٹاکرا ہوا۔

جمعے کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں 'لیجنڈز لیگ کرکٹ' کا آغاز ہوا جس میں پہلا میچ شاہد آفریدی کی کپتانی میں ایشیا لائنز اور گوتم گمبھیر کی کپتانی میں انڈیا مہاراجاز کے درمیان کھیلا گیا۔

ایشیا لائنز نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے جس میں پاکستان ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کی شاندار اننگز بھی شامل تھی جنہوں نے 50 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے۔ جواب میں انڈیا مہاراجاز کی ٹیم 20 اوورز میں 156 رنز ہی بنا سکی۔ گوتم گمبھیر نے 39 گیندوں پر 54 رنز کی اننگرز کھیلی۔یوں یہ میچ ایشیا لائز نے نو رنز سے جیت لیا۔

اس میچ کی سب سے خاص بات پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی اور بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر کے درمیان وہ ملاقات تھی جس کے بعد ان دونوں کا نام اور تصاویر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگیں۔

ٹاس کے وقت کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر زیرِگردش ہے جس میں شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر ہاتھ ملا رہے ہیں۔ تصویر میں شاہد آفریدی کو مسکراتے ہوئے دیکھا گیا ہے جب کہ گوتم گمبھیر بظاہر نیچے کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

میچ کے دوران دوسری اننگز کے 12 ویں اوور میں عبدالرزاق کی گیند گمبھیر کے ہیلمٹ پر لگی۔

اسی دوران کپتان شاہد آفریدی گوتم گمبھیر کے پاس آئے اور ان سے خیریت دریافت کی جس پر انہوں نے ہاتھ سے اشارہ کیا جو بظاہر یہ کہنا معلوم ہو رہا تھا کہ وہ ٹھیک ہیں۔

شاہد آفریدی کے اس رویے کی سوشل میڈیا پر خوب تعریف ہو رہی ہے اور بھارتی میڈیا کی جانب سے شہ سرخیوں میں لکھا جا رہا کہ ''شاہد آفریدی نے بھارتی فینز کے دل جیت لیے۔''

کرکٹ پاکستان نامی نیوز ویب سائٹ نے اپنے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'بڑے دل والے' شاہد آفریدی نے بال لگنے کے بعد گوتم گمبھیر سے پوچھا کہ وہ ٹھیک ہیں۔

ٹائم آف اسپورٹس نامی ٹوئٹر پیج نے لکھا کہ قوموں کے لحاظ سے منقسم ہیں لیکن کرکٹ جوڑ دیتی ہے۔

کچھ صارفین نے دونوں کرکٹرز کے ہاتھ ملانے والی تصویر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے بھی مختلف انداز میں تبصرے کیے۔

اسپورٹس جرنلسٹ عمران صدیق نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ اصل میں ہے کہ شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر ہاتھ ملا رہے ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے ٹائمز ناؤ نے اس ہاتھ ملانے کو 'ہینڈشیک آف دی ڈیکیڈ' یعنی دہائیوں کا مصافحہ قرار دیا۔

ٹوئٹر صارف فرید خان نے لکھا کہ گوتم گمبھیر نے کہا کہ مصباح نے بہت اچھی بیٹنگ کی اور سہیل تنویر اور تشارا پریرا اپنی بالنگ سے ایشیا لائنز کو دوبارہ گیم میں لائے۔

ان کے بقول شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم یہاں پیار کے فروغ اور کرکٹ کھیلنے کے لیے ہیں۔

دوسری جانب کچھ صارفین نے میمز شیئر کی جب کہ کچھ نے طنزیہ اور تنقیدی ٹوئٹس بھی کیے۔

اویسومو وائنز نامی ایک ٹوئٹر صارف نے ہاتھ ملانے والی تصویر کے ساتھ اکشے کمار اور سلمان خان کی فلم کی ایک تصویر شیئر کی جس پر لکھا تھا کہ 'میری آنکھوں میں تو دیکھ۔'

وقاص اختر نامی صارف نے لکھا کہ "گوتم گمبھیر میں شاہد آفریدی سے آنکھیں ملانے کی ہمت نہیں ہے۔"

شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر ایک دوسرے کے روایتی حریف رہے ہیں۔ کرکٹ کا میدان ہو یا سوشل میڈیا دونوں کے درمیان نوک جھونک ہوتی رہتی ہے۔

گوتم گمبھیر بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن ہیں اور وہ 2019 سے بھارتی پارلیمان کے ممبر بھی ہیں۔

سال 2007 میں کانپور میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں بھی شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر کے درمیان کسی بات پر نوک جھونک ہوئی تھی۔ 16 سال بعد بھی دونوں کھلاڑیوں کی یہ تصویر آج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ شاہد آفریدی نے سال 2019 میں بھارت حکومت کی جانب سے اپنے زیرِانتظام کشمیر کی نیم خودمختار حیثیت ختم کرنے کے معاملے پر ایک ٹوئٹ کی تھی۔

اس ٹوئٹ پر گوتم گمبھیر نے شاہد آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے بارے میں بات کی تھی۔