پلوٹو: نئی تصاویر سیارے کی ناہموار سطح کا پتا دیتی ہیں

تصاویر سے پلوٹو پر قدیم قطع زمین کا اندازہ ہوتا ہے، جو گڑھے کی صورت کے ساتھ ساتھ نئے راہ گزر کی طرح کی ہے، جس میں برفانی میدان نمایاں ہیں۔۔۔ ناسا کا کہنا ہے کہ پلوٹو پر ’بے تریب قسم کی پہاڑیاں بھی موجود ہیں، جو جوپیٹر کے چاند، ’یورپا‘ کی سطح کی طرح کی سرزمین ہے‘

ناسا نے پلوٹو کی بے انتہا تفصیلی تصاویر جاری کی ہیں، جو ’نیو ہورائزنز‘ اسپیس کرافٹ نے جولائی میں تاریخی طور پر اِس سیارے کے قریب سے گزرتے ہوئے کھینچی تھیں۔

اِن حیران کُن تصاویر سے اِس چھوٹے سے برفانی سیارے کی پیچیدہ اور مختلف النوع سرزمین کا انکشاف ہوتا ہے۔

تصاویر سے پلوٹو پر قدیم قطع زمین کا اندازہ ہوتا ہے، جو گڑھے کی صورت کے ساتھ ساتھ نئے راہ گزر کی طرح کی ہے، جس میں برفانی میدان نمایاں ہیں۔

’نیو ہورائزنز جیولوجی‘ کے ناسا کے ’ایمز‘ تحقیقاتی مرکز میں ’جیوفزکس اور امیجنگ‘ ٹیم کے سربراہ، جیف مور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پلوٹو کی سطح مارس کی طرح پیچیدہ ہے۔

بقول اُن کے، ’پہاڑیوں کی بے ہنگم قطاریں قدآور ٹیلوں کی طرح ہیں جو منجمد نائٹروجن کے ڈھیر پر وسیع، گاڑھے اور نرم گداز سطح پر تیر رہے ہیں۔ یہ وہ خطہ ہے جسے ’اسپیوٹنک پلانم‘ کا نام دیا گیا ہے‘۔

اخباری بیان کے مطابق، یہ تصاویر جِن کا رزولوشن 400 میٹر فی پکسل ہے، اس میں ممکنہ مٹی کے ٹیلے، نائٹروجن کا بہاؤ اور وادیوں کی قطاریں ہیں جنھوں نے ہو سکتا ہے کہ پلوٹو کی سطح پر مواد کے بہاؤ کے عمل سے یہ شکل اختیار کی ہو۔

ناسا کا کہنا ہے کہ پلوٹو پر ’بے تریب قسم کی پہاڑیاں بھی موجود ہیں، جو جوپیٹر کے چاند، ’یورپا‘ کی سطح کی طرح کی سرزمین ہے‘۔