نیا آئی فون، اسٹورز کے باہر لمبی قطاریں

ٹیکنالوجی سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس کی نسبت جب آئی فون 5 ریلیز کیا گیا تھا، اس برس لوگوں کو آئی فون 5S کا زیادہ انتظار ہے۔
آئی فون کے متوالوں کا انتظار ختم ہوا اور بالآخر رواں ہفتے جمعے کے روز دنیا بھر میں ایپل نے آئی فون کے دو نئے فونز متعارف کرا دئیے۔ آئی فون 5S اور آئی فون 5C کا اعلان ایک ہفتہ قبل ریاست کیلی فورنیا میں کیا گیا تھا۔

اس موقعے پر دنیا بھر میں ایپل سٹورز کے باہر لمبی لمبی قطاریں دکھائی دیں۔ سڈنی، ٹوکیو، نیویارک، سان فرانسسکو اور دیگر کئی شہروں میں ایپل کے سٹورز کے باہر لمبی لمبی قطاروں میں لوگ کھڑے تھے اور یہ سبھی جلد از جلد اپنا نیا آئی فون حاصل کرنا چاہتے تھے۔

ٹیکنالوجی سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس کی نسبت جب آئی فون 5 ریلیز کیا گیا تھا، اس برس لوگوں کو آئی فون 5S کا زیادہ انتظار ہے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایپل سٹورز کے باہر ہجوم کی لمبی قطاریں اس بات کو ثابت کرتی ہیں کہ یہ لوگ ایپل کے وفادار ہیں اور ایپل کو پسند کرتے ہیں۔ گذشتہ چھ برس میں جب پہلی مرتبہ آئی فون مارکیٹ میں آیا تھا، تب سے اب تک اس کی مقبولیت میں کمی نہیں دیکھی گئی۔

ایپل آئی فون 5S تین رنگوں میں دستیاب ہے مگر زیادہ مانگ کے باعث سنہرے رنگ کا آئی فون مارکیٹ میں ختم ہو چکا ہے اور ایپل کے مطابق سنہرے رنگ والا آئی فون اب اکتوبر میں دستیاب ہوگا۔