نیویارک میں پولیس افسر قتل

فائل

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے بغیر کسی وجہ کے پولیس افسر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

امریکہ کے شہر نیویارک میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک پولیس افسر ہلاک ہوگئی ہیں جب کہ حملہ آور بھی پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا ہے۔

نیویارک کے محکمۂ پولیس کے مطابق واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب نیویارک کے علاقے برونکس میں پیش آیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 48 سالہ پولیس افسر میوسوٹس فمیلیا اپنے ساتھی اہلکار کے ہمراہ پولیس کار میں بیٹھی ہوئی تھیں جب انہیں گولی ماری گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے بغیر کسی وجہ کے پولیس افسر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

بعد ازاں موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں نے جائے واقعہ سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے حملہ آور کو بھی فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

پولیس نے حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔