نیویارک میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں امریکی حکام نے 58 نوادارت اٹلی کے حوالے کر دیے جن کی مالیت کا تخمینہ ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہے۔
یہ نوادرات کئی برسوں سے نیویارک کے میٹرو پولیٹن میوزیم آف آرٹ میں نمائش کے لیے رکھے ہوئے تھے ۔
ان نوادرات میں دی ماربل ہیڈ آف ایتھینا بھی شامل ہے۔ مرمر کے تراشے ہوئے اس سر کی مالیت کا تخمینہ 30 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ لگایا جاتا ہے۔
قدیم یونانی عقائد میں ایتھینا کو جنگ کی دیوی کا مقام حاصل تھا۔اس مجسمے کا تعلق حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش سے لگ بھگ 200 سال قبل بتایا جاتا ہے۔ مجسمے کو اتنی مہارت سے تراشا گیا ہے کہ اس کے چہرے سے جذبات کا اظہار ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ مجسمے کے کان چھدے ہوئے ہیں جس سے قیاس کیا جاتا ہے کہ اس زمانے میں دھات کی بالیاں بھی ہوں گی۔ اور اسی طرح اس کے سر پر ایک دھاتی ہیلمٹ بھی تھا۔
SEE ALSO: عالمی مارکیٹ میں اسمگل ہونے والا نادر مجسمہ پاکستان کو واپس کیسے ملا؟قدیم یونانی دور میں اس مجمسے کو پرستش کے لیے کسی عبادت گاہ میں رکھنے کی بجائے شہر کے دروازے پر نصب کیا گیا تھا تاکہ وہ شہر کو حملہ آوروں سے بچا سکے۔
نیویارک کے علاقے مین ہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے نوادرات کی اسمگلنگ یونٹ کے سربراہ کرنل میتھیو بوگڈانوس کہتے ہیں ہیں ۔ آج ہمیں ماربل ہیڈ آف ایتھینا کو اس کے اصل مالکوں کو لوٹانے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔ انہوں نے اس سال کے دوران مزید اسمگل شدہ نوادرات برآمد کرنے اور انہیں اپنےملکوں کو لوٹانے کا وعدہ بھی کیا۔
منگل کے روز نیویارک کے حکام نے اٹلی کو جو 58 نوادارت واپس کیے ہیں، ان میں پینے کے لیے استعمال کیا جانے والا ایک کپ بھی شامل ہے۔اس نادر پیالے کے سفید پس منظرمیں نفیس اور قابل دید نقش نگاری اور تصویر کشی کی گئی ہے۔ اسی طرح لوٹائے جانے والے نوادرات میں ایک مرد کا تابنے سے بنانصف مجسمہ، گل دان، پلیٹیں اور باورچی خانے میں استعمال کی جانے والی دوسری اشیا بھی شامل ہیں۔
قدیم نوادارت کے یہ 58 شاہکار ہزاروں برس پرانی ایک شاندار اور بھرپور تاریخ کی کہانی سناتے نظر آتے ہیں۔ ان کے اٹلی سے نیویارک کے عجائب گھر میں پہنچنے کی تاریخ بھی بڑی دلچسپ ہے۔ کہا جاتا ہے کہ نوادارت کے اسمگلروں نے رقم کمانے کی غرض سے انہیں چوروں کی مدد سے حاصل کیا اور پھر اسمگل کر کے انہیں مہنگے داموں بیچ دیا۔
SEE ALSO: ایران کی چوری شدہ نوادرات کی بازیابی کی جدوجہدتقریب میں موجود اٹلی کے پولیس جنرل رابرٹو ریکارڈی نے کہا ہے یہ نوادارت ہمارے قدیم ماضی کا حصہ ہیں اور یہ اسی کمیونٹی میں واپس جا رہے ہیں جن سے ان کا تعلق ہے اور یہ آنے والی نسلوں کو ان کے شاندار ماضی کی یاد دلاتے رہیں گے۔
مین ہیٹن ڈسٹرکٹ کے اٹارنی جنرل میتھیو کے تحت کام کرنے والے نوادارت کی اسمگلنگ کے یونٹ 2010 سے اب تک ساڑھے چار ہزار کے لگ بھگ نوادرات پکڑے ہیں جن کی مالیت کا تخمینہ 25 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔انہوں نے اس کامیابی کو اسمگلنگ یونٹ کے اہل کاروں کے درمیان بے مثال تعاون قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیویارکا اسمگلنگ کی روک تھام کا یونٹ دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا واحد یونٹ ہے جس میں پراسیکیوٹر، تفتیش کار، اور تجزیہ کار سبھی شامل ہیں۔
اس رپورٹ میں شامل کچھ مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔